ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری

ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری


نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 10 جولائی تک ملک بھر میں شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق پنجاب، سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ندی نالوں اور دریاؤں میں طغیانی کا خطرہ ہے، دریائے چناب کے مرالہ اور قادرآباد مقامات پر کم درجے کا سیلاب آنے کا امکان ہے۔

ترجمان نے بتایا کہ دریائے کابل، سندھ، چناب، سوات، پنجکوڑہ، چترال، ہنزہ، اور دیگر ندی نالوں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، شدید بارشوں کے پیش نظر شمال مشرقی پنجاب، جنوبی بلوچستان اور آزاد کشمیر میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

اسی طرح شمال مشرقی پنجاب کے پیر پنجال سلسلے سے نکلنے والے نالوں میں طغیانی اور سیلاب کاخطرہ ہے ، آزاد کشمیر میں دریائے جہلم اور اس کے معاون نالوں میں اچانک طغیانی کا بھی خدشہ ہے اور گلگت بلتستان میں دریائے ہنزہ اور نالوں میں پانی کی سطح میں اچانک اضافہ ممکن ہے۔

مختلف شہروں میں موسلادھار بارش ، نشیبی علاقے زیر آب ، درجنوں مکانات منہدم

این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا تھا کہ جنوبی بلوچستان کے کیرتھر رینج سے نکلنے والے ندی نالوں، خاص طور پر آواران، خضدار، جھل مگسی، قلعہ سیف اللہ اور موسیٰ خیل میں سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، تیز بہاؤ کی صورت میں ندی نالوں، پلوں اور پانی میں ڈوبی سڑکوں سے گزرنے سے گریزکریں۔

ترجمان نے بتایا کہ ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر نشیبی علاقوں کے مکین قیمتی اشیاء اور مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا قبل از وقت بندوبست رکھیں، حساس علاقوں کے مکین ہنگامی صورتحال کے لیے 3 سے 5 دن کی خوراک، پانی اور ادویات پر مشتمل ایمرجنسی کٹ تیار رکھیں۔

عالمی موسمیاتی تبدیلیاں دنیا بھر کو متاثر کررہی ہیں،چیئرمین این ڈی ایم اے

دوسری جانب این ڈی ایم اے نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کی ہیں کہ مقامی انتظامیہ اور متعلقہ ادارے فوری نکاسی آب کے لیے ضروری مشینری اور پمپس تیار رکھیں، سیلابی علاقوں کے مکین ٹی وی اور موبائل الرٹس کے ذریعے سرکاری وارننگز سے آگاہ رہیں۔

علاوہ ازیں کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کو یقینی بنایا جائے، عوام سے گزارش کی ہے کہ موسم اور ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ سے راہنمائی لیں۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top