نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے بجلی صارفین کے لیے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی 8 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں یہ اضافہ اگست 2025 کے لیے کیا گیا ہے، جس کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی ہوگا۔ نیپرا نے واضح کیا کہ اضافہ وفاقی حکومت کی پالیسی گائیڈ لائنز کے مطابق عمل میں لایا گیا ہے۔
اتھارٹی کے مطابق صارفین سے اضافی رقم کی وصولی اکتوبر کے بلوں میں کی جائے گی، نیپرا نے یہ فیصلہ سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی درخواست پر کیا، جس نے اگست کی ایڈجسٹمنٹ میں 19 پیسے فی یونٹ اضافے کی سفارش کی تھی۔
نیپرا حکام کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں معمولی اضافہ ایندھن کے اخراجات اور پیداواری لاگت میں اتار چڑھاؤ کے باعث کیا گیا ہے تاہم گھریلو صارفین پراس کا بوجھ محدود رکھنے کی یقین دہانی کرائی گئی ہے۔
لاہور میں مزدوروں کی اجرت کے نئے ریٹس مقرر
توانائی ماہرین کا کہنا ہے کہ باربارکی ایڈجسٹمنٹس سے عام صارفین کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے جبکہ حکومت کا موقف ہے کہ بجلی کے شعبے میں اصلاحات سے طویل مدتی استحکام لایا جائے گا۔