مستونگ میں ریلوے ٹریک پر دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کی بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، حادثے میں متعدد مسافر زخمی ہو گئے۔
ریلوے حکام کے مطابق مستونگ کے علاقے دشت میں ٹریک پر دھماکے کے بعد جعفر ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔
لیویز حکام کا کہنا تھا جعفر ایکسپریس پشاور سے کوئٹہ جا رہی تھی ، حادثے کے نتیجے میں متعدد مسافر زخمی ہیں ، جنہیں اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
مسافر ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ اوپن آکشن کے ذریعے کرنے کا فیصلہ
ریلوے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان ریلویز کی جانب سے ریسکیو آپریشن شروع کیا جا رہا ہے، کرین اور ریلیف ٹرین روانہ کی جا رہی ہیں۔
حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔