وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو صرف ایک سیاستدان نہیں، ایک نظریہ تھی۔
مراد علی شاہ نے شہید بینظیر بھٹو کی 72 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ مجھے فخر ہے کہ میری سیاسی تربیت بینظیر بھٹو نے کی، بینظیر بھٹو نے اپنی جان دے کر ملک میں جمہوریت بحال کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ بینظیر بھٹو نے پولیو مہم کا آغاز خود اپنی بیٹی کو قطرے پلا کر کیا تھا، وہ ہر مظلوم کی آواز اور ہر کمزور کی امید تھیں، آج بینظیر بھٹو کی قربانیوں، قیادت اور مشن کو یاد کرنے کا دن ہے۔
بینظیر بھٹو کی قربانیاں، وژن اور عوام سے وابستگی پیپلز پارٹی کی اجتماعی میراث ہے، آصف زرداری
وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہم شہید بینظیر بھٹو کے مشن کو جاری رکھنے کا عہد کرتے ہیں، بینظیر بھٹو کا خواب ایک ترقی یافتہ، بااختیار اور جمہوری پاکستان تھا۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بینظیر بھٹو کی سالگرہ پر اتحاد، صحت اور تعلیم کے پیغام پر عمل کرنا ہے، ان کی سالگرہ پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کا دن ہے۔