خیبرپختونخوا حکومت نے حویلیاں اور اسلام آباد کے درمیان سفر کو آسان بنانے کے لیے مارگلہ ہلز کے اندرجڑواں سرنگوں (Twin Tunnels) کی تعمیر کی باقاعدہ منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے سے نہ صرف فاصلے میں نمایاں کمی آئے گی بلکہ ہزارہ اور وفاقی دارالحکومت کے درمیان معاشی و سماجی روابط بھی مضبوط ہوں گے۔
منصوبے کے تحت، سرنگوں کے ذریعے حویلیاں سے اسلام آباد کا فاصلہ صرف 8 کلومیٹر رہ جائے گا، جسے گاڑی کے ذریعے 10 سے 15 منٹ میں طے کیا جا سکے گا۔ سرنگیں اسلام آباد کے سیکٹر D-12 کو ہزارہ موٹروے (M-15) سے براہ راست جوڑیں گی۔
بھارتی ٹیم کو ٹرافی چاہیے تو کپتان اے سی سی دفتر آ کر وصول کر لے، محسن نقوی
منصوبہ کے پی حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025 میں شامل کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کی تعمیر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت کی جائے گی۔ حکام کے مطابق، منصوبے پر کام کا آغاز دسمبر 2025 میں کیا جائے گا اور دسمبر 2028 تک مکمل ہونے کی توقع ہے۔ ابتدائی مرحلے کے لیے حکومت نے 1 ارب روپے بھی مختص کر دیے ہیں، جبکہ کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی (CDA) بھی منصوبے میں معاونت کرے گی۔
ذرائع کے مطابق، اس منصوبے کی فیزیبلٹی اسٹڈی مکمل ہو چکی ہے اور سرنگوں کو بین الاقوامی معیار کے مطابق روشن، محفوظ اور پائیدار بنایا جائے گا۔
4اکتوبر سے بارشوں کے نئے سپیل کی پیش گوئی
واضح رہے کہ یہ منصوبہ گزشتہ دو دہائیوں سے فنڈنگ اور حکومتی ترجیحات میں تبدیلی کے باعث تاخیر کا شکار رہا۔ تاہم، ہزارہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اس بار کے پی حکومت اس منصوبے کو ہر صورت مکمل کرے گی، چاہے وفاقی حکومت کی شراکت محدود ہی کیوں نہ ہو۔
حکام کا کہنا ہے کہ سرنگوں کی تعمیر سے علاقائی رابطہ کاری بہتر ہو گی، ٹریفک دباؤ میں کمی آئے گی اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، جس سے ہزارہ اور اسلام آباد کے عوام کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔