لکی مروت، سیکیورٹی فورسز نے دہشتگردی کے خلاف ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرتے ہوئے سلطان خیل کے علاقے میں 8 خوارجیوں کو ہلاک کردیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی 16 اکتوبر 2025 کومصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پرعمل میں لائی گئی، علاقے میں افغان طالبان کے پراکسی خوارج کی موجودگی کی اطلاع ملی تھی، جس کے بعد فورسزنے فضائی اور زمینی نگرانی شروع کی۔
اطلاعات کے مطابق نگرانی کے دوران خوارج کی نقل و حرکت کی نشاندہی ہوتے ہی فورسز نے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں آٹھ انتہائی مطلوب دہشتگرد مارے گئے۔
آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود، خودکش جیکٹس اور مواصلاتی آلات بھی برآمد کیے گئے۔
سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دہشتگرد حالیہ دنوں میں مختلف تخریبی کارروائیوں اور فورسز پر حملوں میں ملوث تھے۔ علاقے میں سرچ آپریشن مکمل ہونے کے بعد فضا کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چارروز کے دوران لکی مروت، شمالی وزیرستان اور ٹانک کے مختلف علاقوں میں افغان طالبان کے بھیجے گئے 102 خوارج کو جہنم واصل کیا جا چکا ہے۔
فورسز کی جانب سے دہشتگردی کے نیٹ ورکس کو ختم کرنے کے لیے نیشنل ایکشن پلان کے تحت بلا امتیاز کارروائیاں جاری ہیں۔
سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ ریاست پاکستان کے دشمنوں کے خلاف کارروائیاں اسی جذبے سے جاری رہیں گی اور کسی بھی دہشتگرد گروہ کو دوبارہ منظم ہونے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
میر علی میں سیکیورٹی فورسز پر خودکش حملہ ناکام، بمبار سمیت 4 خوارج ہلاک
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ مشکوک افراد اور سرگرمیوں کی فوری اطلاع قریبی سیکیورٹی اداروں کو دیں تاکہ ملک دشمن عناصر کا قلع قمع کیا جا سکے۔