وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ عوام کو ریلیف دینے اور آئی ایم ایف پروگرام میں توازن کو برقرار رکھیں گے۔
قومی اسمبلی اجلاس میں بلال اظہر کیانی نے وفاقی بجٹ پر اظہارِ خیال کیا، انہوں کہا کہ عوام کو ہر ممکن ریلیف کی فراہمی ممکن بنائی جائے گی، قائمہ کمیٹیوں کی رپورٹ جلد ایوان میں پیش کی جائیں گی، حکومتی کوششوں سے معیشت مستحکم ہوئی ہے۔
وزیراعظم شہبازشریف کا پناہ گزینوں کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام
انہوں نے کہا کہ معاشی بہتری کی کوششوں میں ساتھ دینے پر اتحادیوں کے مشکور ہیں، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ہوئے ہیں، پالیسی ریٹ 22 فیصد سے 11 فیصد پرآ گیا ہے، بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ موجودہ حکومت نےمہنگائی پر قابو پایا ہے، اس تسلسل کو برقرار رکھیں گے، معاشی کارکردگی کی بنیاد پر آئی ایم ایف کیساتھ معاہدہ ہوا ہے، معاشرے کے کمزور طبقے کے لیے بی آئی ایس پی کے بجٹ میں بھی اضافہ کیا گیا ہے, پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق ندیم کا بڑا فیصلہ
وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ شہبازشریف کی کوششوں سےمعیشت بہتر ہوئی ہے، انہوں نے ہمیشہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی بات کی ہے، 6 لاکھ تک سالانہ آمدن والے شہریوں کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا گیا ہے، ٹیکس سلیب کے ذریعے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے، عوام کو بجٹ میں جو ریلیف دیا جا سکتا تھا وہ دیا ہے۔