انسداد دہشتگردی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت اے ٹی سی اسلام آباد میں ہوئی، عدالت نے عمر ایوب، شیخ وقاص اکرم اور زرتاج گل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
انسداد دہشتگردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے مقدمات کی سماعت کرتے ہوئے عمر ایوب کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کر دی۔ جج نے ریمارکس دیے کہ یہ تمام لوگ ایک دفعہ بھی اس مقدمے میں پیش نہیں ہوئے۔
نعیم حیدر پنجوتھا اور فتح اللہ ایڈووکیٹ کو حفاظتی ضمانت مل گئی
عدالت نے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے آئندہ سماعت پر عدالت کے روبرو پیش کریں۔
سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں کی جانب سے سردار محمد مصروف خان، آمنہ علی اور مرتضیٰ طوری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے ۔ بعد ازاں عدالت نے سماعت 20 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔