علی امین گنڈا پور کے رابطے دو طرف نہیں، چاروں طرف ہیں، رانا ثنا اللہ

علی امین گنڈا پور کے رابطے دو طرف نہیں، چاروں طرف ہیں، رانا ثنا اللہ


اسلام آباد:  وزیر اعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے علی امین گنڈا پور کے رابطے دو طرف نہیں چاروں طرف ہیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج تک کوئی ایک بندہ سامنے نہیں آیا جو کہے کہ 26 نومبر کو میں وہاں موجود تھا۔ یہ جماعت دیگر سیاسی جماعتوں، اداروں اور خود بھی آپس میں لڑ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے معاشی بحران پر قابو پالیا ہے۔ اور پاکستان ڈیفالٹ سے بچ کر صحیح راستے پر گامزن ہے۔ یہی سفر جاری رہا تو مشکلات پر بھی قابو پالیں گے۔ جبکہ پاکستان میں عام آدمی مشکلات میں رہا لیکن اب آسانی کی طرف معاملہ چلا ہے۔ امید ہے کہ آنے والے دنوں میں پاکستان معاشی طور پر بہتر ہو گا۔ اور لوگوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی مسلسل کوشش ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام ہو۔ اور پاکستان ترقی نہ کر سکے۔ یہ لوگ آپس میں بھی لڑ رہے ہیں اور پارٹی کے بھی کرتا دھرتا بنے ہوئے ہیں۔ تاہم ہمیں پاکستان کو مضبوط اور سیاسی طور پر استحکام کے لیے بھرپور کوششیں کرنی چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا پریشر زبانی کلامی بیانات کا ہی ہے۔ جبکہ وہ دن رات سوشل میڈیا پر بیانات دیتے رہتے ہیں۔ جن لوگوں سے یہ توقع کرتے تھے وہاں سے تو کوئی بیان نہیں آیا۔

یہ بھی پڑھیں: ملک کے مفادات کیخلاف کوئی کام نہیں کرنا، نہ کسی کے بہکاوے میں آنا ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب

مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم مذاکرات میں بہتر طریقے سے آگے بڑھنا چاہتے تھے۔ اور ہم چاہتے تھے کہ سیاسی جماعتوں میں نیشنل ڈائیلاگ ہو۔ ہم نے مذاکراتی کمیٹی میں تمام سیاسی جماعتوں کو شامل کیا۔

وزیر اعظم کے مشیر نے کہا کہ ہم نے پہلی میٹنگ میں کہا تھا کہ اپنے تحریری مطالبات پیش کریں۔ اور پہلی میٹنگ کے بعد بھی ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرائی گئی۔ اب اسپیکر ایاز صادق بیرون ملک ہیں تو اس لیے مذاکرات میں تعطل آیا ہے۔ تاہم ان کی بانی پی ٹی آئی سے دوسری ملاقات بھی ہو جائے گی ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری توقع تھی کہ یہ سنجیدہ طور پر اپنے تحریری مطالبات لائیں گے۔ لیکن بانی پی ٹی آئی نے جو گفتگو کی اس سے لگتا ہے یہ لکھ کر مطالبات نہیں دیں گے۔ 3 دن پہلے علیمہ خان نے کہا بانی پی ٹی آئی کا کسی سے رابطہ نہیں۔ جبکہ علی امین گنڈا پور بانی پی ٹی آئی کو جا کر کچھ بتا رہے ہیں تو اپنے سے ہی کہہ رہے ہوں گے۔ علی امین گنڈا پور کے رابطے دو طرف نہیں بلکہ چاروں طرف ہیں۔ اور ہوسکتا ہے کہ علی امین گنڈاپور نے کوئی غلط فہمی پیدا کی ہو۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top