انسداد دہشتگردی عدالت نے پی ٹی آئی کے عارف علوی اور علی امین گنڈاپور سمیت 50 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔
26 نومبر احتجاج کے سلسلے میں تھانہ کراچی کمپنی میں درج مقدمہ نمبر 1193 کی سماعت کے بعد تحریک انصاف کے 41 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری عدالت نے آج جاری کیے جب کہ 9 رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری پہلے ہی جاری ہو چکے ہیں، مجموعی طور پر 50 پی ٹی آئی رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں۔
حماد اظہر کا حفاظتی ضمانت کیلئے پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
جن رہنماؤں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ان میں سابق صدر عارف علوی، وزیراعلیٰ پختونخوا علی امین گنڈاپور، عبدالقیوم نیازی، شبلی فراز، فیصل جاوید، سلمان اکرم راجہ، رؤف حسن، مراد سعید، احمد نیازی بھی شامل ہیں۔
اسد قیصر، حماد اظہر، عاطف خان، شعیب شاہین، اعظم خان سواتی، عمر ایوب، صاحبزاہ حامد رضا، علیمہ خانم، شیخ وقاص اکرم، کنول شوزب، شاندانہ گلزار، شیرافضل مروت کے وارنٹ گرفتاری بھی جاری کئے گئے ہیں۔
ملزمان کے پیش نہ ہونے پر انسداد دہشت گردی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے وارنٹ گرفتاری جاری کئے اور انہیں گرفتار کرکے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا۔