کراچی: حکومت سندھ کی جانب سے دسمبر میں ای وی ٹیکسی متعارف کروانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
سینئر وزیر سندھ شرجیل میمن کی زیر صدارت ای وی ٹیکسی لانچ کرنے سے متعلق اجلاس ہوا۔ سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن اور ایم ڈی سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کنول نظام بھٹو اجلاس میں شریک ہوئی۔ اجلاس میں شرجیل انعام میمن کو سندھ میں جاری ٹرانسپورٹ کے منصوبوں پر بریفنگ دی گئی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومت سندھ پاکستان میں پہلی بار اپنی ٹیکسی سروس شروع کرنے جا رہی ہے۔ اور کوشش ہے کہ دسمبر تک ای وی ٹیکسی سروس بھی عوام کو فراہم کر دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو چاہتے ہیں عوام کو جدید، ماحول دوست اور معیاری سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ اور ابتدائی مرحلے میں آنے والی ای وی ٹیکسیوں میں خواتین کے لیے ٹیکسیاں مخصوص کی جائیں گی۔ حکومت سندھ نے پاکستان میں پہلی بار ماحول دوست ای وی بسیں متعارف کرائیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ حکومت سندھ نے خطے میں پہلی بار خواتین کے لیے پنک بس سروس متعارف کرائی۔ جبکہ خواتین اور طالبات کے لیے پنک اسکوٹی پروگرام کو بھی عوامی سطح پر بڑی پذیرائی ملی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کے لیے پنک ای وی ٹیکسی کے ساتھ ملک کی پہلی ای وی ٹیکسی بھی شروع کی جا رہی ہے۔ اور کراچی میں ٹرانسپورٹ کے مسائل کم کرنے کے لیے مزید ڈبل ڈیکر بسیں اور ای وی بسیں لائی جائیں گی۔ ای وی گاڑیوں کے لیے انفرا اسٹرکچر اور چارجنگ اسٹیشنز کی تیاری پر بھی کام جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر کا انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع نہ کرنے کا اعلان
سینئر وزیر نے کہا کہ خواتین کو محفوظ اور سستی سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت سندھ کا عزم ہے۔ اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے لیے کراچی میں شعبہ ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ حکومت سندھ ٹرانسپورٹ کے شعبے میں سرمایہ کاروں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔