اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قابل قبول نہیں۔
وزیر اعظم شہباز شریف اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔ شہباز شریف نے بندرعباس دھماکے پر ایرانی صدر سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہر دکھ کی گھڑی میں ایران کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے پہلگام واقعے پر پاکستان کا مؤقف ایرانی صدر کے سامنے رکھا۔ اور کہا کہ پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان پہلگام واقعے میں ملوث ہونے کی سختی سے تردید کرتا ہے۔ جبکہ سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی قابل قبول نہیں ہے۔ پاکستان اپنے آبی حقوق کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا پانی روکا گیا تو یہ جنگ تصور کیا جائے گا، خورشید محمود قصوری
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے خطے میں قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ اور وزیر اعظم شہباز شریف کو دورہ تہران کی دعوت دی۔ شہباز شریف نے بھی صدر پزشکیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔