کراچی: سندھ حکومت نے ٹائر جلانے والے پلانٹس کے آپریشن پر مکمل پابندی عائد کر دی۔
وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کے اجلاس میں ٹائر جلانے والے پلانٹس کے آپریشن پر مکمل پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
سیکرٹری ماحولیات زبیر چنہ نے کہا کہ ٹائر جلانے سے فضا، مٹی اور پانی بُری طرح سے متاثر ہو رہے ہیں۔ جبکہ سب اسٹینڈرڈ فیولز اور غیر محفوظ ایندھن کے استعمال، تیاری اور فروخت پر بھی مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ٹائر جلانے سے سانس، دل اور اعصابی امراض میں اضافہ ہو رہا ہے۔ اور سندھ حکومت نے عوامی صحت کے تحفظ کے لیے ایسے پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
زبیر چنہ نے کہا کہ سندھ ماحولیاتی تحفظ ایجنسی رولز کے نام سے نئے قواعد کا مسودہ تیار کر لیا گیا ہے۔ اور تمام پلانٹس کے لیے لائسنسنگ، ماحولیاتی کنٹرول سسٹم اور اخراج کی حد کے تقاضے لازم قرار دیئے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اگر آپ پلاسٹک کی بوتل سے پانی پیتے ہیں؟ تو یہ خبر ضرور پڑھیں
انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی کرنے والے پلانٹس کی ضبطی، جرمانہ اور بندش کی سزائیں بھی تجویز کی گئی ہیں۔