وزیردفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سعودی عرب سے معاہدہ قطر پر حملے کا ردعمل نہیں ہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ کافی عرصے سے پاک سعودی عرب دفاعی معاہدے پر بات کررہے تھے،سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات بہت پرانے ہیں۔پاکستان ایک پرامن ملک ہے۔
پاک سعودی عرب معاہدہ کیا ہے؟
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹرٹیجک باہمی دفاعی معاہدے پر دستخط ہو گئے۔سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیرِ اعظم شہباز شریف نے “اسٹریٹجک باہمی دفاعی معاہدے” (SMDA) پر دستخط کئے۔
معاہدہ دونوں ممالک کی اپنی سلامتی کو بڑھانے اور خطے اور دنیا میں سلامتی اور امن کے حصول کے لیے مشترکہ عزم کی عکاسی کرتا ہے، اس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کو فروغ دینا اور کسی بھی جارحیت کے خلاف مشترکہ دفاع و تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔
معاہدے میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی ایک ملک کے خلاف کسی بھی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب اور پاکستان کی 8 دہائیوں پر محیط تاریخی شراکت داری ہے، دونوں ممالک میں مشترکہ اسٹریٹجک مفادات اور قریبی دفاعی تعاون کے تناظر میں معاہدہ ہوا۔