ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں کے خلاف آزادی مارچ کیس میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے عمران اسماعیل کو گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دیا۔
عمران اسماعیل تھانہ بارہ کہو کے مقدمہ میں نامزد ملزم ہیں، ان کے وارنٹ گرفتاری عدالت میں پیش نہ ہونے پر جاری کیے گئے۔ بانی پی ٹی آئی اور متعدد پی ٹی آئی رہنما متعلقہ مقدمہ میں بری ہو چکے ہیں۔
اس سے چند ہفتے قبل بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ میں توڑ پھوڑ کیس میں عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کے وارنٹ گرفتاری جاری، عدالت میں پیش کرنے کا حکم
واضح رہے عمران اسماعیل نے 9 مئی واقعات کے کچھ عرصہ بعد پی ٹی آئی کو چھوڑ دیا تھا تاہم پچھلے سال ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ دل سے نہیں کیا تھا، تحریک انصاف دباؤ میں آ کر چھوڑی۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ میں نے سیاست نہیں چھوڑی، ریٹائرڈ ہرٹ سیاستدان والی زندگی گزار رہا ہوں۔