لاہور: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کشمیر کا مقدمہ حکمت عملی سے لڑے۔ اور کابل سے معاملات میں بہتری لائے۔
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فلسطین اور ایران کے معاملے پر واضح اور جرت مندانہ اقدامات اٹھائے۔
انہوں نے کہا کہ استقامت، مزاحمت کی شاندار مثال قائم کرنے والے مجاہدین کی کامیابیوں کے لیے دعا گو ہیں۔ جبکہ حکومت کشمیر کا مقدمہ حکمت عملی اور پوری طاقت سے لڑے۔ اسلام آباد اور کابل آپسی معاملات میں بہتری لائیں۔ جبکہ افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: اسرائیل پاکستان کی طرف میلی آنکھ اٹھا کر دیکھنے کی ہمت بھی نہیں کرسکتا،اسحاق ڈار
حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ حکومت بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم لگائے۔ اور لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کیا جائے۔ پورے ملک بالخصوص خیبر پختونخوا میں قیام امن کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں۔ حکومت اشیائے خوردونوش، بجلی اور پٹرول کی قیمتیں کم کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت سے جنگ کے موقع پر اختلافات بھلا کر حکومت اور فوج کا ساتھ دیا جائے۔ اسٹیبلشمنٹ کی سیاست اور دیگر اداروں میں مداخلت پر خاموش نہیں رہ سکتے۔ دستوری حدود میں رہ کر کام کرنا اداروں کے اپنے مفاد میں ہے۔