حکومت پاکستان نے بلوچستان میں تمام دہشتگرد تنظیموں کو فتنہ الہندوستان کا نام دیدیا۔
وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بلوچستان میں تمام دہشتگرد تنظیمیں فتنہ الہندوستان کہلائی جائیں گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق یہ نام ان دہشتگرد تنظیموں کے اصل نظریہ، عزائم اور مقاصد کو اجاگر کرتا ہے۔
فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کر کے قرض اتاریں گے، محسن نقوی
چند دن پہلے وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ معصوم بچوں کا خون ہم پر قرض ہے۔ اور فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کر کے یہ قرض اتاریں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے خضدار میں اسکول بس پر حملے میں شہید ہونے والی 2 مزید طالبات شیما ابراہیم اور مسکان کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے دونوں شہید طالبات کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا۔
محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم شہید بچوں کے خاندانوں کے ساتھ ہے۔ اور شہید بچوں کے خاندان ہمارے سر کا تاج ہیں۔ انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔
انہوں نے کہا کہ معصوم بچوں کا خون قوم پر قرض ہے۔ اور فتنہ الہندوستان کا مکمل خاتمہ کر کے یہ قرض اتاریں گے۔ فتنہ الہندوستان کے آلہ کاروں کو پاکستان میں چھپنے کی جگہ نہیں ملے گی۔