ایرانی صدر کی پاک افغان معاملات بہتر کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش

ایرانی صدر کی پاک افغان معاملات بہتر کرنے کے لیے ثالثی کی پیشکش


ایران کے صدر مسعود پزشکیان(masoud pezeshkian) نے کہا ہے کہ ایران اور پاکستان کے درمیان تعلقات تاریخی، مذہبی اور برادرانہ بنیادوں پر قائم ہیں، جنہیں مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔

پاک افغان مذاکرات، پاکستانی وفد نے افغان طالبان وفد کو حتمی مؤقف پیش کر دیا

ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کے مطابق تہران میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے وزرائے داخلہ کے چوتھے اجلاس کے موقع پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی(mohsin naqvi) سے ملاقات میں ایرانی صدر نے کہا کہ ایران کے عوام پاکستان کے عوام کو اپنا بھائی سمجھتے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محسن نقوی کا دورہ دونوں ممالک کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر عمل درآمد کو تیز کرے گا اور عوام کے لیے حقیقی فوائد لائے گا۔

صدر پزشکیان نے زور دیا کہ خطے میں تنازعات سے بچنا اور تناؤ کو کم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے پیشکش کی کہ ایران پاکستان اور افغانستان کے درمیان مصالحتی کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ “آج مسلم ممالک کو پہلے سے زیادہ اتحاد، بھائی چارے اور مشترکہ خطرات کے مقابلے میں یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔”

اس موقع پر وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کا یہ ایک سال کے دوران ایران کا چوتھا دورہ ہے، جو دونوں ممالک کے قریبی اور مضبوط تعلقات کا مظہر ہے۔ انہوں نے صدر پزشکیان کے حالیہ دورۂ پاکستان کو دوطرفہ تعاون کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

پاک افغان مسئلہ جلد حل کروں گا ، صدر ٹرمپ

محسن نقوی نے بتایا کہ سرحدی انتظامات، انسدادِ دہشت گردی اور غیر قانونی نقل مکانی کے معاملات میں دونوں ممالک کے درمیان پیش رفت اطمینان بخش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور اسلام آباد و کابل کے درمیان تعلقات میں بہتری کے لیے مثبت کردار ادا کیا ہے۔

وفاقی وزیر نے یقین دلایا کہ پاکستان ایران کے ساتھ قریبی اور فعال تعاون جاری رکھے گا تاکہ خطے میں امن، ترقی اور باہمی اعتماد کو مزید فروغ دیا جا سکے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top