الیکشن کمیشن پاکستان نے مظفر گڑھ کی PP-269 اور فیصل آباد کی PP-115 اور PP-116 نشستوں کے ضمنی انتخابات کے لیے تفصیلی شیڈول جاری کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق امیدواران اپنی کاغذات نامزدگی 13 سے 15 اکتوبر کے دوران جمع کروا سکیں گے جبکہ کاغذات کی جانچ پڑتال کی آخری تاریخ 20 اکتوبر مقرر کی گئی ہے۔
امیدواران 3 نومبر تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے اور 4 نومبر کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، حلقے میں ضمنی انتخابات 23 نومبر کومنعقد ہوں گے۔
مظفر گڑھ کے ضمنی انتخابات کے لیے ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر کے طور پر عثمان طاہر تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ فیصل آباد میں PP-115 کے لیے اشفاق احمد اور PP-116 کے لیے عمران عصمت پنوں ریٹرننگ آفیسر کے طور پرنامزد کیے گئے ہیں، اس موقع پر ڈی سی فیصل آباد ندیم ناصر بھی ذمہ دار ہوں گے۔
واضح رہے کہ PP-115 اور PP-116 کی نشستیں شاہد جاوید اور محمد اسماعیل کی نااہلی کے باعث خالی ہوئی تھیں، جس کے بعد یہ نشستیں دوبارہ بھرنے کے لیے ضمنی انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے شیڈول جاری کرنے کے بعد امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ضروری ہدایات بھی جاری کردی گئی ہیں تاکہ انتخابی عمل شفاف اور منظم طور پرمکمل ہوسکے۔
ماہرین کے مطابق شیڈول کے مطابق انتخابات کے تمام مراحل بروقت مکمل کرنے سے حلقوں میں عوامی نمائندگی کی کمی دور ہوگی اور سیاسی سرگرمیاں تیز ہوں گی۔
پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار اسموگ کے خاتمے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال
حلقے کے عوام اور امیدواراس موقع پراپنی تیاریوں میں مصروف ہیں تاکہ ضمنی انتخابات کے دن ووٹرز کو با آسانی ووٹ دینے کی سہولت میسر ہو۔