راولپنڈی: الخدمت فاؤنڈیشن کی 100 ٹن امدادی سامان کی 30ویں کھیپ مصر پہنچ گئی۔ جو ریڈ کریسنٹ کے ذریعے غزہ پہنچائی جائے گی۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کی معاونت سے10 دنوں میں ایک ارب مالیت کا فوڈ پیکج غزہ روانہ کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 4 مختلف فلائٹس میں غزہ کے 20 ہزار خاندانوں کے لیے مزید ایک ماہ کا راشن بھیجا جائے گا۔ جبکہ اب تک 4 ہزار 545 ٹن سامان غزہ متاثرین کے لیے روانہ کر چکے ہیں۔
ڈاکٹر حفیظ الرحمان نے کہا کہ آج 15 کروڑ مالیت کے امدادی سامان میں 5 ہزار خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا فوڈ پیکج ہے۔ جس میں آٹا، چاول، پکانے کا تیل، تیار کھانا، فروٹ کاک ٹیل، فروٹ جیم اور سویٹ کارن شامل ہے۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ عرصے میں پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے ہم خود مشکلات کا شکار ہیں۔ لیکن کسی بھی لمحے ہم اپنے غزہ کے بہن بھائیوں اور بچوں کو نہیں بھولے۔
یہ بھی پڑھیں: دریائے ستلج میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کی وارننگ جاری، دیہاتوں کا زمینی رابطہ منقطع
صدر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہا کہ الخدمت گزشتہ 23 مہینوں سے ہر ممکن ذرائع سے مسلسل غزہ کے بے گھر فلسطینی خاندانوں کی امداد کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اور اب تک ہزاروں ٹن امدادی سامان غزہ متاثرین کے لیے روانہ کرچکے ہیں۔