پنجاب کے دیگر شہروں کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی فضا بھی اسموگ کی لپیٹ میں آ گئی۔
ائیرکوالٹی انڈیکس کی ویب سائٹ آئی کیو ایئر کے مطابق اسلام آباد کا ائیر کوالٹی انڈیکس 265 ہے اور اسے مضر صحت قرار دیا گیا ہے۔
آئی کیو ائیر کے مطابق اسلام آباد کے شہریوں کو ماسک پہننے کی ضرورت ہے۔ اس کے علاوہ غیر ضروری باہر نکلنے اور گھروں کی کھڑکیاں بند رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ بڑھتی ہوئی اسموگ کے پیش نظر پنجاب میں دفاتر کے 50 فیصد عملے کو آن لائن کام پر منتقل کرنے کا حکم دیدیا گیا ہے۔
ڈی جی ماحولیات پنجاب کی جانب سے تمام سیکرٹریز اور سربراہان کوجاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ دفاتر میں صرف 50 فیصد اسٹاف کو بلایا جائے گا، 50 فیصد عملہ گھروں سے کام کرنے کا پابند ہو گا۔
لاہور کی اسموگ خلاء سے نظر آنے لگی ، خیبر پختونخوا بھی لپیٹ میں آ گیا
مراسلے کےمطابق مختلف محکموں کے درمیان میٹنگز بھی آن لائن کرنا ہوں گی ، فیصلے کا اطلاق پنجاب کے تمام سرکاری، نیم سرکاری ، خودمختار اداروں پر ہو گا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ٹرانسپورٹ سے خطرناک مادوں کا اخراج اسموگ بڑھا رہا ہے، سڑکوں پرٹریفک کم کرنے کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔