جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہوا اورگرج چمک کیساتھ موسلا دھار بارش، کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد کے علاقوں جی سکس، ایف سکس، جی سیون، ایف سیون، آئی ایٹ، ایف ٹین، بنی گالہ، راول چوک اور بہارہ کہو میں وقفے وقفے سے ہونے والی بارش نے گرمی کا زور توڑدیا۔
ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں 8 اگست تک شدید بارشوں کاامکان
بارش کے باعث متعدد علاقوں میں خنکی میں اضافہ ہوا اورشہریوں نے سکھ کا سانس لیا تاہم نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں جس سے مقامی آبادی کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
راولپنڈی کے فیض آباد، ڈبل روڈ، شمس آباد، سکس روڈ، کھنہ پل اورگردونواح میں بھی بارش کا سلسلہ جاری رہا، بارش کے باعث کئی علاقوں میں ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی اورسڑکوں پرپانی جمع ہو گیا۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ کو نشیبی علاقوں میں نکاسی آب یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔