اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک دوہری شہریت رکھنے والی خاتون سے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔
خاتون کے سامان سے پشاوری چپلوں میں چھپائی گئی تقریباً ایک کلو ہیروئن برآمد ہوئی، جب کہ حیران کن طور پر ایف آئی اے کا ایک اہلکار اسے وی آئی پی پروٹوکول دے رہا تھا۔
ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق خاتون کی شناخت مہوش جبین کے نام سے ہوئی ہے جو ترکی کے لیے ترک ایئرلائن کی پرواز TK-711 سے روانہ ہو رہی تھی۔
دورانِ سیکیورٹی چیکنگ عملے کو اس کے سامان میں موجود تین پشاوری چپلوں سے مشکوک مواد ملا، جس کی جانچ کے بعد اس میں منشیات کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔
اسلام آباد، ایف آئی اے میں 2018کے بعد بھرتی ہونے والے افسران کی چھان بین کا فیصلہ
تحقیقاتی افسران کے مطابق، ہیروئن چپلوں کے تلووں میں انتہائی مہارت سے چھپائی گئی تھی، جس کا مقصد اسکیننگ سسٹم کو دھوکہ دینا تھا۔ خاتون کو فوری طور پر حراست میں لے لیا گیا۔
ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کو پروٹوکول فراہم کرنے والا اہلکار شناخت ہو چکا ہے، جس سے تفتیش جاری ہے۔ معاملے کی تحقیقات ایک ڈائریکٹر سطح کے افسر کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس (ASF) نے بھی منشیات کی برآمدگی کی تصدیق کی ہے اور اس معاملے کی تفتیش میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آیا خاتون کسی بڑے اسمگلنگ نیٹ ورک کا حصہ ہے۔