آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت، سٹاف لیول معاہدہ جلد متوقع

آئی ایم ایف کیساتھ مذاکرات میں اہم پیشرفت، سٹاف لیول معاہدہ جلد متوقع


پاکستان اور عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے درمیان جاری مذاکرات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے، اور سٹاف لیول معاہدہ (SLA) جلد متوقع ہے۔

آئی ایم ایف نے اعلامیے میں کہا ہے کہ پاکستان نے مالیاتی اصلاحات، اقتصادی استحکام، اور معیشت کو مضبوط بنانے کے اقدامات پر قابل ذکر پیشرفت کی ہے۔

آئی ایم ایف کی ٹیم نے ادارے کی ایڈوائزر ایوا پیٹرووا کی قیادت میں 24 ستمبر سے 8 اکتوبر 2025 تک اسلام آباد اور کراچی کا دورہ کیا، جہاں 7 ارب ڈالر کے توسیعی مالیاتی پروگرام (EFF) کے دوسرے جائزے اور 1.4 ارب ڈالر کے پائیداری و بحالی پروگرام (RSF) کے پہلے جائزے پر بات چیت کی گئی۔

اس دوران مہنگائی پر قابو پانے، مالیاتی خسارے کو کم کرنے، توانائی کے شعبے کی بہتری، اور معیشت میں شفافیت اور گورننس کو فروغ دینے جیسے اہم نکات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

سیلاب کے باعث معاشی ترقی میں کمی اور مہنگائی بڑھنے کا خدشہ ہے، عالمی بینک

ایوا پیٹرووا نے کہا کہ پاکستان نے معاشی پروگرام پر عملدرآمد میں حکومتی وعدوں کے عین مطابق اچھی پیشرفت دکھائی ہے۔ توانائی کے شعبے میں ریفارمز، قیمتوں کی بروقت ایڈجسٹمنٹ، اور لاگت میں کمی جیسے اقدامات بھی زیرِ بحث آئے۔

گاڑیوں سے متعلق اسکیمیں

مذاکرات میں حکومت اور آئی ایم ایف نے درآمدی گاڑیوں سے متعلق دو اسکیمیں ختم کرنے اور ایک اسکیم کو محدود کرنے پر اتفاق کیا۔ بیگیج رولز اور گفٹ اسکیمز ختم کی جائیں گی، جبکہ ٹرانسفر آف ریذیڈنس اسکیم کے تحت صرف وہی افراد گاڑی درآمد کر سکیں گے جو بیرونِ ملک کم از کم ایک سال قیام کر چکے ہوں۔

اس اقدام کا مقصد ان اسکیمز کے غلط استعمال کو روکنا ہے، جو ماضی میں عام رہا ہے۔

کرپشن کیخلاف اقدامات

اس کے علاوہ بدعنوانی کے خلاف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ حکومت نے ایک ٹاسک فورس کے ذریعے کرپشن سے متعلق قوانین کا جائزہ لیا ہے اور ان میں ترامیم کی تجاویز آئی ایم ایف سے شیئر کی ہیں۔

ان تجاویز میں سرکاری ملازمین کے اثاثے ظاہر کرنے کے قوانین، سول سرونٹس ایکٹ اور نیب و ایف آئی اے کے قوانین میں تبدیلی شامل ہے تاکہ اختیارات کی واضح تقسیم اور بہتر ادارہ جاتی ہم آہنگی ممکن ہو سکے۔

ایف آئی اے، نیب، اور صوبائی اینٹی کرپشن اداروں کی تربیت، صلاحیت سازی، اور عوام میں بدعنوانی کے خلاف شعور اجاگر کرنے کی تجاویز بھی دی گئی ہیں۔

بلوم برگ نے پاکستان کو دوسری ابھرتی ہوئی معیشت قرار دے دیا

آئی ایم ایف اور حکومت پاکستان کے درمیان پالیسی مذاکرات آئندہ دنوں میں جاری رہیں گے تاکہ باقی معاملات پر اتفاق ہو سکے اور سٹاف لیول معاہدے کو حتمی شکل دی جا سکے۔

آئی ایم ایف نے اعلامیے میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ افراد سے ہمدردی کا اظہار کیا اور مذاکرات کے دوران پاکستانی حکام، نجی شعبے اور ترقیاتی شراکت داروں کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top