گھوٹکی کی تحصیل ڈھرکی میں دریائے سندھ سے نہریں نکالنے کے مجوزہ منصوبے کے خلاف جاری آٹھ روزہ دھرنا بالآخر ختم کر دیا گیا۔
مظاہرین نے کونسل آف کامن انٹرسٹ (سی سی آئی) کے اجلاس میں منصوبے کی واپسی کے فیصلے کے بعد اپنا احتجاج ختم کرنے کا اعلان کیا۔
کینالز منصوبے کی واپسی پر قوم کی فتح، سندھ کی آوازنے نئی تاریخ رقم کی، فریال تالپور
دھرنے کے خاتمے کے بعد قومی شاہراہ پر دونوں اطراف سے ٹریفک بحال کر دی گئی ہے، مظاہرین نے احتجاجی کیمپ ازخود اکھاڑ دیے، جس سے راستہ صاف ہو گیا۔
اس اہم شاہراہ پرآٹھ دن تک جاری بندش کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثررہی تھی، جس سے نہ صرف مقامی لوگ بلکہ بین الاضلاعی اور بین الصوبائی سفر کرنیوالے افراد کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔
ٹریفک کی بحالی پرٹرک، بس اورگاڑیوں کے ڈرائیوروں نے خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ شاہراہ کی بندش کے باعث انہیں معاشی و ذاتی مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
مقامی انتظامیہ نے شاہراہ کی صفائی اور ٹریفک کو منظم انداز میں بحال کرنے کے لیے فوری اقدامات کیے ہیں جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں کی موجودگی بھی برقراررکھی گئی ہے تاکہ امن وامان کو یقینی بنایا جا سکے۔