پشاور، گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر پابندی کے خلاف گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ دیا۔
گورنر کی جانب سے ارسال کردہ خط میں گندم کی ترسیل پر عائد مبینہ پابندیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے اپنے خط میں مؤقف اپنایا کہ گندم کی آزادانہ نقل و حرکت صوبوں کے درمیان تجارتی ہم آہنگی اور غذائی تحفظ کے لیے ضروری ہے۔
عوامی مفاد کے منصوبوں میں تاخیر کی گنجائش نہیں، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا
انہوں نے نشاندہی کی کہ اس نوعیت کی پابندیاں نہ صرف کسانوں اور تاجروں کے معاشی مفادات کو نقصان پہنچا رہی ہیں بلکہ یہ آئین کے آرٹیکل 151 کی بھی خلاف ورزی ہیں، جو ملک میں آزاد تجارت کی ضمانت دیتا ہے۔
گورنر نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ وہ فوری طور پر اس معاملے کا نوٹس لیں اورمتعلقہ اداروں کو ہدایت دیں کہ گندم کی بین الصوبائی ترسیل پرعائد تمام پابندیاں ختم کی جائیں تاکہ صوبوں کے درمیان تجارت کا تسلسل بحال ہو سکے۔