حکومتِ پاکستان کی جانب سے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بڑی سہولت فراہم کر دی گئی ہے۔ دنیا کے مختلف شہروں میں پاکستانی سفارتخانوں میں نادرا (NADRA) کاؤنٹرز کو مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے۔
ترجمان نادرا کے مطابق کینیڈا کے شہروں مونٹریال اور وینکوور، اٹلی کے میلان، بحرین کے دارالحکومت منامہ اور اردن کے شہر امان میں نادرا کاؤنٹرز اب مکمل آپریشنل ہو چکے ہیں۔ ان کاؤنٹرز کے ذریعے بیرونِ ملک مقیم پاکستانی شہری آسانی سے شناختی کارڈ (CNIC)، نائیکوپ (NICOP) اور دیگر اہم خدمات حاصل کر سکیں گے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان کاؤنٹرز کے قیام کا مقصد بیرون ملک پاکستانیوں کو سہولت دینا ہے تاکہ انہیں نادرا سے متعلقہ امور کے لیے پاکستان کا سفر نہ کرنا پڑے۔ اب وہ اپنی رہائش گاہ کے قریبی پاکستانی سفارتخانے میں جا کر یہ خدمات با آسانی حاصل کر سکتے ہیں۔
نادرا حکام کے مطابق ان سروسز کی بدولت ہزاروں پاکستانی مستفید ہوں گے اور ان کا قیمتی وقت اور پیسہ دونوں بچایا جا سکے گا۔ اس اقدام کو اوورسیز پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے بھی بے حد سراہا جا رہا ہے۔
برطانیہ میں BYDکی الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں 880 فیصد اضافہ
ذرائع کا کہنا ہے کہ نادرا کاؤنٹرز کی توسیع کا عمل جاری ہے اور اٹلی کے دارالحکومت روم میں بھی جلد ایک نیا کاؤنٹر قائم کیا جا رہا ہے تاکہ وہاں مقیم پاکستانیوں کو بھی یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔
نادرا کی یہ کاوش حکومت کی اوورسیز پاکستانیوں سے وابستگی اور ان کے مسائل کے حل کی سنجیدہ کوششوں کا عملی ثبوت ہے۔