پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما مصدق ملک نے کہا ہے کہ 200یونٹ والے صارفین کو ریلیف وفاقی حکومت کی جانب سے دیا گیا، اگر یہی ریلیف 500یونٹ تک سندھ حکومت دینا چاہتی ہے تو قیمت 10ارب روپے ہے،بجلی بحران کے دیر پا حل کیلئے مجھ سے پہلے وزیرتوانائی بھی دو پروگرامز لیکر جا رہے ہیں۔
ہم نیوز کے پروگرام ”فیصلہ آپ کا عاصمہ شیرازی کیساتھ” میں گفتگو کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ لاپتہ افرادکے بارے میں بعد میں پتہ چلتا ہے کہ افغانستان سے ملتے ہیں ، کئی لاپتہ افراد افغانستان میں آباد تھے،کچھ افغانستان میں مارے گئے ہیں۔
ارشد ندیم کی دولت میں اضافہ، 47 کروڑ روپے سے زائد کیش انعام جمع ہو گیا
انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں لاکھوں کیسز زیر التوا ہیں ، عدالتوں کو اپنا طریقہ کار بہتر کرنا ہوگا، ہم عدالتی فیصلوں پر تنقید تو کرسکتے ہیں، ایک ادارے نےاپنا احتسابی عمل شروع کیا ہے ، یہاں تو ہرادارہ دوسرے ادارہ کےسامنے ٹکراؤکی شکل میں کھڑا ہے۔
مصدق ملک نے کہا کہ میں خود کہتا رہاہوں کہ غریب لوگ کیسے بل دیں، جب غریبوں کیلئے سہولت دی تو آپ نے کہا عوام سے کھیل رہے ہیں ،ہم لوگوں کے دکھ درد اگر دور نہیں کرنے تو کیا کرنےآئے ہیں۔
200یونٹ والے صارفین کو ریلیف وفاقی حکومت کی جانب سے دیا گیا، پاکستان کے86فیصد گھریلو صارفین کو بجلی پر ریلیف دیا گیا ہے اور وفاقی حکومت نے ملک بھر میں ڈومیسٹک صارفین کو ریلیف دیا۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے اپنے فنڈ سے بجلی صارفین کو ریلیف دیا، اس وقت پنجاب میں98فیصد صارفین کو بجلی پر ریلیف مل چکا ہے، اگر یہی ریلیف 500 یونٹ تک سندھ حکومت دینا چاہتی ہے تو قیمت 10ارب روپے ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا ریلیف دینا چاہتے ہیں تو یہ ریلیف 7 سے 8 ارب روپے میں دے سکتے ہیں ۔ بلوچستان میں ایک ارب سے کم میں یہ ریلیف دیاجاسکتا ہے۔
پاکستان میں 3 نئی گاڑیاں متعارف کروا دی گئیں
لیگی رہنما نے کہا کہ لانگ ٹرم ریلیف کہاں سے آسکتا ہے وہ میں وزیراعظم کے سامنے لیکر جا رہا ہوں، بجلی بحران کے دیر پا حل کیلئے مجھ سے پہلے وزیرتوانائی بھی دو پروگرامز لیکر جا رہے ہیں، آئی پی پیز پر بھی کام ہورہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی تناو ختم کیا جائے اس کے بغیر کچھ نہیں ہوگا، ہمیں تاریکی اور تناو ختم کر کے آپس میں سب مل کر بیٹھنا ہو گا۔