وزیراعطم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ – ہم نیوز

وزیراعطم کا شنگھائی تعاون تنظیم کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ – ہم نیوز


وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے مہمانوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا ہے۔

وزیراعظم نے عشائیے میں شرکت کےلیے آنے والے تمام سربراہان مملکت اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔

عشائیے میں روس، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان، بیلاروس کے وزرائے اعظم، ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت دیگر غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ہاتھ ملایا، اس دوران دونوں کے درمیان خوشگوار موڈ میں جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔

ایس سی او کا 23 واں سربراہی اجلاس پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہورہا ہے، جس میں پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے اعظم اور دیگر اعلیٰ شخصیات شریک ہیں۔

اجلاس میں شرکت کیلئے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر خصوصی طیارے سے 3 بج کر 26 منٹ پر پاکستان پہنچے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کے 23ویں سربراہی اجلاس کے سلسلے میں وزارت اطلاعات نے خصوصی نغمہ جاری کیا ہے۔

وزارت اطلاعات نے یہ نغمہ مہمانوں کو خوش آمدید کہنے کےلیے جاری کیا ہے، جس میں پاکستان کے رنگارنگ ثقافتی ورثے اورمہمان نوازی کی روایت کی جھلک پیش کی گئی۔

نغمے میں پاکستان کے خوبصورت مقامات، تاریخی اور اہم عمارتیں اور متنوع ثقافت کی خوبصورتی کو پیش کیا گیا ہے۔

سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق آج وزیراعظم شہباز شریف نے تاجکستان کے وزیرا عظم قاہر رسول زادہ ، بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولوو چینکو ، کرغزستان کی وزراکابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف ، ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ امور راشد میریدوف اورقازقستان کے وزیراعظم اولزہاس بیکوتینوونے منگل کو یہا ں الگ الگ ملاقات کی۔

جن میں مختلف شعبہ جات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے تاجکستان کے وزیر اعظم قاہر رسول زادہ نے دوطرفہ ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کونسل آف ہیڈز آف گورنمنٹ کے سالانہ اجلاس میں تاجکستان کی فعال اور تعمیری شرکت کو سراہتے ہوئے کہا کہ بطور برادر ممالک اور علاقائی شراکت دار، پاکستان اور تاجکستان کے مابین دوستی اور تعاون کا پائیدار رشتہ ہے۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو مشترکہ مفاد کے تمام شعبوں بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں قریبی اور باہمی فائدہ مند تعاون کو مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کو تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچاتے ہوئے قاہررسول زادہ نے کہا کہ تاجکستان اور پاکستان کے مابین تعاون کی وسیع استعداد موجود ہے جس سے مستفید ہونے کیلئے تاجکستان، پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پوری طرح پرعزم ہیں۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے بیلاروس کے وزیر اعظم رومن گولو و چینکو کی ملاقات میں وزیراعظم شہبازشریف نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری،مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے بیلاروس کو ایس سی او کا مکمل رکن بننے پر مبارکباد پیش کی اور “شنگھائی اسپرٹ” کو فروغ دینے میں بیلاروس کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے دو طرفہ تعلقات خصوصاً تجارت، سرمایہ کاری، زرعی مشینری،مشترکہ طور پر ٹریکٹرز کی تیاری اور مواصلات کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

رومن گولوو چینکو نے دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے مفاد کے تمام شعبوں میں باہمی فائدہ مند تعاون کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے جمہوریہ کرغزستان کی وزراکابینہ کے چیئرمین اکیل بیک جاپاروف نے بھی ملاقات کی ۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستان اور کرغزستان کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر اطمینان کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے جمہوریہ کرغزستان کے ساتھ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا اور اس سلسلے میں تجارت، سرمایہ کاری، عوامی و علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ترکمانستان کے وزراء کی کابینہ کے نائب چیئرمین اور وزیر خارجہ امور راشد میریدوف کی ملاقات میں وزیراعظم نے دوطرفہ تعاون کی مکمل استعداد بالخصوص تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ترکمانستان کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ وزیراعظم نے دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطح کے تبادلوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے دونوں فریقین کی طرف سے دوطرفہ تعاون کی مکمل استعداد بالخصوص تجارت، توانائی اور علاقائی روابط کے شعبوں میں مل کر کام کرنے کی اہمیت پر زور دیا۔

وزیراعظم شہباز شریف سے جمہوریہ قازقستان کے وزیر اعظم اولزہاس بیکوتینوونے بھی ملاقات کی۔ وزیراعظم نے شنگھائی تعاون تنظیم کے اصولوں اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لئے تنظیم کے تمام رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا ۔

وزیراعظم نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے اور علاقائی روابط اور سلامتی کے لئے کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم پاکستان نے دو طرفہ شراکت داری کے ادارہ جاتی میکانزم کے ذریعے باقاعدہ اور اعلیٰ سطح کے رابطوں کو برقرار رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے زراعت اور تجارت کے مشترکہ ورکنگ گروپس کے اجلاس جلد از جلد بلانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔قازقستان کے وزیر اعظم نے علاقائی روابط، تجارت اور ترقی کو بڑھانے کے لئے قازقستان کے بطور شنگھائی تعاون تنظیم کے رکن اور دو طرفہ طور پر پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے پختہ عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ قازقستان پاکستان کو جنوبی ایشیاء میں ایک بڑے تجارتی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ملاقات کرنے والے رہنمائوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہانِ حکومت کے اجلاس کے کامیاب انعقاد پر وزیر اعظم شہباز شریف کو مبارکباد پیش کی اور وفود کے پرتپاک استقبال، بہترین انتظامات اور شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔

شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کا شیڈول

2 روزہ ایس سی او سمٹ میں شرکت کے لیے تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندوں کے اعزاز میں وزیرِ اعظم شہباز شریف آج استقبالیہ و عشائیہ دیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف ایس سی او کے سربراہی اجلاس کے دوران کل مختلف ممالک کے وفود کے سربراہان سے دو طرفہ ملاقاتیں کریں گے۔

جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق کل صبح تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندے اجلاس میں شرکت کے لیے جے سی سی پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال وزیرِ اعظم کریں گے، اس کے بعد گروپ فوٹو کا سیشن ہو گا۔

اجلاس کی کارروائی کا آغاز شہباز شریف اپنے افتتاحی کلمات سے کریں گے، دو طرفہ ملاقاتوں کے دوران دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔

ایس سی او اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلۂ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تنظیم کے رکن ممالک باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔



Courtesy By HUM News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top