اسلام آباد: سابق وزیر اعظم اور عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جب تک ہم آئین کو نہیں مانتے ملک نہیں چلے گا۔
عوام پاکستان پارٹی کے سربراہ شاہد خاقان عباسی نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور روزگار کے مواقع دینے چاہیئیں۔ ہمارے نوجوان محنتی ہیں اور وہ اپنی جگہ بنا لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا کام معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ اور معیشت سیاست سے علیحدہ نہیں ہوسکتی۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ گلگت بلتستان کا مسئلہ آزاد کشمیر کے مسئلے سے جڑا ہوا ہے۔ بھارت نے اگست 2019 میں اپنا آئین بدل کر مقبوضہ کشمیر کو ضم کر دیا۔ اور اب ہمیں بھی سوچنا پڑے گا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں کیا نظام رکھنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: علیمہ خان کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ بلاک
انہوں نے کہا کہ ملک میں ٹروتھ کمیشن بنایا جائے تاکہ حقیقت عوام کے سامنے آئے۔ آج پاکستان میں ہر آرٹیکل کی خلاف ورزی ہو رہی ہے۔ جبکہ کسی بھی ملک کی سب سے بڑی ضرورت رول آف لا ہے۔ اور جب تک ہم آئین کو نہیں مانتے ملک نہیں چلے گا۔
