لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا اور اس کی کارکردگی مثالی ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے پیرافورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیرافورس کے پاس آؤٹ ہونے والوں کو مبارکباد دیتی ہوں۔ اور پیرا فورس میں شامل ہونے والوں کو اللہ نے ملک کو قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس کے اہلکاروں پر لوگوں کو تحفظ فراہم کرنے کی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔ اور لوگوں کی تکالیف کو محسوس کرتے ہوئے پیرا کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ پیرا فورس کا قیام میرا خواب تھا جو شرمندہ تعبیر ہوا اور اس کی کارکردگی مثالی ہے۔ بازاروں سے تجاوزات کے خاتمے پر شہری اور خاص طور پر خواتین بہت خوش ہیں۔ تجاوزات کی وجہ سے گزرنے کا راستہ نہیں رہتا تھا تاہم اب آسانی ہو گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے دوران سب نے مل کر کام کیا جو باعث فخر ہے۔ عوام کی تکالیف اور مشکلات کو محسوس کرتے ہوئے پیرا کا قیام عمل میں لایا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مصنوعی مہنگائی سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ پنجاب گورننس کا نیا ماڈل سامنے لایا گیا۔ اور اب پیرا فورس مثالی ہے۔ نوجوان وعدہ کریں کہ رشوت نہیں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیرا فورس میں باصلاحیت خواتین بھی شامل ہیں۔ اور خواتین کو اب بازاروں میں مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ پیرا فورس کے قیام سے عوام کی خدمت میں کوئی کمی نہیں آنی چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: روزگار کی فراہمی،وزیراعظم یوتھ پروگرام اور پاشا میں معاہدہ طے پا گیا
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بہترین کارکردگی پر محکمہ سی سی ڈی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی سی ڈی نے پنجاب میں قیام امن کے لیے اہم کردار ادا کیا۔ اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں اس وقت جرائم کی شرح صفر ہے۔ پنجاب کو ماؤں اور بیٹیوں کے لیے محفوظ ترین جگہ دیکھنا چاہتی ہوں۔