گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ قوم سمجھ رہی ہے کون معیشت آگے بڑھا رہا ہے اور کون جیل میں بیٹھ کر نفرت کا بیانیہ آگے بڑھا رہا ہے۔
بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی 76 ویں برسی پر گورنر سندھ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے مزارِ قائد پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔ دونوں رہنماؤں نے مہمانوں کی کتاب میں عظیم قائد کے لئے اپنے تاثرات تحریر کیے۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھا کہ 9 مئی جیسے واقعات پر ہم شرمندہ ہیں۔ میں نے تاثرات میں لکھا کہ ہم آپ سے شرمندہ ہیں اس لیے کہ 9 مئی جیسے واقعات ہوتے ہیں۔
سب سیاستدانوں کو مِل کر سیاست پر پابندی لگا دینی چاہیے، گورنر سندھ
انہوں نے کہا کہ جہاں دشمن نفرتوں کا بیانیہ پھیلا رہا ہے وہیں ہم یکجا ہو کر دشمن کو بیان دے رہے ہیں کہ ہم ایک ہیں۔ پاکستانی معیشت کو آگے لے جانے کی کوشش کریں گے، بیرونی طاقتوں کا بیانیہ بک رہا ہے اور یہاں خریدار اسے خرید رہے ہیں۔
ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ قائد اعظم کے نقشِ قدم پر چلنے کی ضرورت ہے، ملک میں اندرونی صورت حال کا مقابلہ کرنے کے لیے بھی متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ اگلے ماہ ملائیشیا کے وزیرِ اعظم کو پاکستان آنا ہے۔