سیکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کے دوران 3 خارجی دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 اور 7 فروری کی درمیانی رات سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر شمالی وزیرستان کے علاقے دتہ خیال میں انٹیلی جنس کی بنیاد آپریشن کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 3 خارجی دہشت گرد مارے گئے، جو برقعہ پہن کر بھاگنے کی کوشش کررہے تھے۔
ڈی آئی خان میں دہشتگردوں کی فائرنگ، سپاہی سمیت 3 افراد شہید
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہلاک خارجی دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے اور متعدد دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں موجود کسی اور خارجی کو ختم کرنے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز ملک سے دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں۔