اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ تفتیش پر 9 مئی واقعات میں مرکزی کردار فیض حمید کا ملے گا۔ ملکی اداروں کی جانب سے ہمیشہ سیاسی مداخلت رہی ہے۔ انصاف کرنے والے ادارے میں ہونے والی سیاست اور سیاسی فیصلوں پر بات ہونی چاہیئے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ فیض حمید اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور سے عالمی قوتوں کی مداخلت کے تانے بانے ملنا شروع ہو گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست میں عالمی قوتوں کی مداخلت کے ثبوت کے ساتھ تانے بانے ملے۔ کبھی ایسے نہیں ہوا کسی ادارے میں تعیناتی کے لیے احتجاج کیا ہو۔
یہ بھی پڑھیں: فیض حمید کے معاملے سے میراکوئی تعلق نہیں ،عمران خان
جاوید لطیف نے کہا کہ 2022 میں لانگ مارچ کے تانے بانے بھی فیض حمید سے ملتے ہیں۔ تفتیش پر 9 مئی واقعات میں مرکزی کردار فیض حمید کا ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایک وقت پر مختلف جگہوں پر حملے کوئی ٹرینڈ شخص ہی کرواسکتا ہے۔ میں صرف ایک نہیں جو انصاف کرنے والے ادارے کی بات بھی کرتا ہوں۔ انصاف کرنے والے ادارے میں ہونے والی سیاست اور سیاسی فیصلوں پر بات ہونی چاہیئے۔