اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے پہلے بھی حکومت کو ووٹ دیا تھا، اور پیپلز پارٹی اب بھی بجٹ کے حق میں ووٹ دے گی۔ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کا پیسہ عوام پر ہی خرچ ہونا چاہیے۔ اور ہمیں سوچنا ہوگا کہ عوام کو کیسے ریلیف دیا جاسکتا ہے۔ ہم عوام کے پیسوں سے یہاں بیٹھے ہیں۔ حکومت بجٹ میں اپوزیشن کی تجاویز کو بھی آن بورڈ لے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بجٹ اجلاس کے دوران قومی اسمبلی میں کوئی وزیر نظر نہیں آرہا۔ تاہم ہم توقع کرتے ہیں ہماری بجٹ سفارشات کو زیر غور لایا جائے گا۔ بھارت سمیت بہت سے ممالک بجٹ میں اپنے لوگوں کو ریلیف دیتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم کی ریکوڈک کو ریلوے لائن نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی ہدایت
ایف بی آر سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں غیر ضروری عملہ کام کر رہا ہے۔ اور ایف بی آر میں اس وقت 16 ڈائریکٹر جنرل کام کر رہے ہیں۔ یہاں اصلاحات کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت اسلام آباد میں پراپرٹی پر ڈیوٹی صفر کرے۔ ایوان اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام لگ رہا ہے۔