انسان کی روز مرہ کی جسمانی مشکلات میں سب سے بڑا مسئلہ کمر میں درد اور جھکاؤ بنتا جا رہا ہے، تقریبا تین چوتھائی لوگ اپنی عمر کے کسی نہ کسی حصے میں کمر درد کا شکار ہو جاتے ہیں۔
ریڑھ کی ہڈی کی کمزوری سے بچپن میں جنم لینے والی بیماری جسے سکولیوسس یا کمر میں خم کہا جاتا ہے اور اگر اس کا صحیح وقت پر علاج نہ کیا جائے تو یہ تا دیر رہنے والے درد اور چال کی خرابی کا باعث بنتا ہے۔ کمر کا آگے کی طرف جھک جانا کبڑا پن کی نشانی ہو سکتا ہے، جسمانی ساخت کی یہ تبدیلی آپ کو شدید درد میں مبتلا کر سکتی ہے۔
کمر درد کے کامیاب علاج اور حل کے لئے یہ بہت ضروری ہے کہ آپ کو کمر درد ہونے کی اصل وجہ کا علم ہو۔ عام دوائیوں کے استعمال سے ہم عارضی طور پر درد سے تو چھٹکارا حاصل کر لیتے ہیں مگر یہ مسئلے کا حل نہیں ہوتا۔ اصل مسئلہ تو اپنی جگہ موجود ہوتا ہے مگر دوائی اور کیمیکل کے اثرات کی وجہ سے ہم درد کو محسوس نہیں کر رہے ہوتے ہیں۔
سرجری اور ریڑھ کی ہڈی کو سیدھا نارمل پوزیشن میں رکھنے والے بریسس اس بیماری کا علاج کرنے کے لیے استعمال کیے جاتے ہیں لیکن اکثر و بیشتر خاص قسم کی ورزش بھی کمر کے خم کو سیدھا کرنے میں خاصی مدد کرسکتی ہے۔
احتیاطی تدابیر:
استعداد سے زیادہ وزنی چیز کو مت اٹھائیں حتیٰ ہلکی چیز کو اٹھاتے ہوئے بھی مناسب طریقے سے اٹھائیں۔ وزن اٹھاتے ہوئے مندرجہ ذیل باتوں پر عمل کریں۔ وزن بلند کرنے سے پہلے اپنے جسم کے پٹھوں کو کچھ وقت کے لئے حرکت دیں اور کھینچیں۔ کوشش کریں کہ تھوڑی بہت وزنی چیزوں کو جلدی میں نہ اٹھائیں۔
اس کے علاوہ بھی اگر آپ مسلسل کمر میں درد یا جھکاؤ محسوس کرتے ہیں تو فوری طور پر اپنے معالج سے رجوع کرکے اس کے مشورے پر عمل کریں۔