کافی، چائے اور پانی کا متوازن استعمال عمر بڑھانے میں مددگار ہے، نئی تحقیق کا انکشاف

کافی، چائے اور پانی کا متوازن استعمال عمر بڑھانے میں مددگار ہے، نئی تحقیق کا انکشاف


برطانیہ میں کی جانے والی ایک نئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ سات سے آٹھ مشروبات جن میں پانی، چائے اور کافی شامل ہوں پینے سے انسان کی عمر میں اضافہ اور اموات کے خطرات میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔

تحقیق، جو برطانوی جرنل آف نیوٹریشن میں شائع ہوئی، کے مطابق 182,770 بالغ افراد پر تقریباً 13 سال تک کی گئی طویل مشاہداتی تحقیق میں معلوم ہوا کہ جو افراد روزانہ 7 سے 8 مشروبات پیتے ہیں۔

اُن میں اموات کا خطرہ اُن لوگوں کے مقابلے میں تقریباً 28 فیصد کم ہوتا ہے جو روزانہ چار سے کم مشروبات استعمال کرتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بہترین نتائج اُس وقت دیکھے گئے جب افراد نے پانی، چائے اور کافی کو متوازن تناسب میں استعمال کیا یعنی مکمل طور پر کسی ایک مشروب پر انحصار نہیں کیا۔

تحقیق کے مطابق دو حصے کافی اور تین حصے چائے کے ساتھ مناسب مقدار میں پانی پینا سب سے فائدہ مند ثابت ہوا۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ نو یا اس سے زائد کیفین والے مشروبات پینے سے بلڈ پریشر میں اضافہ، دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی اور دیگر قلبی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اگرچہ پانی انسانی جسم کے لیے بنیادی ضرورت ہے۔

تاہم چائے اور کافی میں موجود قدرتی اجزا جیسے اینٹی آکسیڈنٹس اور ورم کش مرکبات جسم میں سوزش کو کم کرتے ہیں اور دورانِ خون کو بہتر بناتے ہیں۔

ماہرینِ صحت کا کہنا ہے کہ مشروبات کے معیار اور تیاری کے طریقے پر بھی توجہ دینا ضروری ہے، مثلاً چینی، دودھ یا کریم کی زیادہ مقدار فوائد کو کم کر سکتی ہے۔

ان کے مطابق متوازن مقدار میں پانی، چائے اور کافی کا استعمال ایک سادہ مگر مؤثر عادت ہے جو مجموعی صحت اور طویل عمری میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top