موسم گرما اور برسات کے دوران مچھروں سے بچنا مشکل ہوتا ہے، اور ان کے کاٹنے سے ڈینگی، ملیریا یا دیگر بیماریوں کا خطرہ بھی بڑھ جاتا ہے۔ مچھروں کے حملے کی کئی وجوہات ہو سکتی ہیں، جیسے لباس کا رنگ، زیادہ جسمانی حرارت، جسمانی بو اور دیگر عوامل۔
جب مچھر جلد پر بیٹھتا ہے تو یہ خون چوسنا شروع کر دیتا ہے۔
مچھروں کا لعاب جلد کو سن کر دیتا ہے، جس کی وجہ سے سوئی چبھنے کا احساس نہیں ہوتا، لیکن خارش کے ذریعے ہمیں اس کا علم ہو جاتا ہے۔
خون سے پیٹ بھرنے کے لیے مچھر کو تقریباً 90 سیکنڈ درکار ہوتے ہیں۔
ویسے تو اکثر افراد کوائلز یا کیمیکلز کو مچھروں کو دور رکھنے کے لیے استعمال کرتے ہیں، مگر چند منفرد ٹوٹکوں سے بھی آپ بارشوں کے دوران مچھروں کو خود سے دور رکھ سکتے ہیں۔
کافی کی مہک
خشک کافی کے چورے کو جلانے سے دھواں اور تیز بو پھیلتی ہے جو مچھروں کو فوری طور پر دور بھگا دیتی ہے۔
یہ کیمیکل اسپریز کا ایک ماحول دوست اور مؤثر متبادل ہے۔
لہسن کا اسپرے
لہسن کو بھی آپ مچھروں کو خود سے دور رکھنے کے لیے استعمال کرسکتے ہیں۔
لہسن کو پیس کر پانی میں ابال لیں اور پھر اس پانی کو بوتل میں بھر کر دروازوں اور کھڑکیوں کے گرد اسپرے کر دیں۔
لہسن میں موجود سلفر مرکبات مچھروں کو دور بھگانے میں مؤثر ثابت ہوتے ہیں اور صحت کو کوئی نقصان بھی نہیں ہوتا، بس شاید اس کی بو ذرا ناگوار محسوس ہو۔
پانی میں صابن کا اضافہ کر دیں
مچھر پانی والی سطح پر زیادہ متوجہ ہوتے ہیں تو وہاں تھوڑا سا صابن پھیلا دیں۔
وہ اس جھاگ دار سطح پر پھنس کر بہت آسانی سے ڈوب جائیں گے۔
مچھروں کو دور رکھنے والا گھریلو سیال
کیمیکلز والے ریپلینٹ کی بجائے آپ گھر میں بھی ایسا سیال تیار کرسکتے ہیں۔
ناریل کے تیل میں لیونڈر آئل کا اضافہ کریں اور پھر اس سیال کو کلائیوں اور ٹخنوں پر لگا کر آپ مچھروں کو کاٹنے سے روک سکتے ہیں۔
پیلا ایل ای ڈی بلب
مچھر سفید اور نیلی روشنی کی جانب سے زیادہ جاتے ہیں۔
اگر آپ پیلے رنگ کے ایل ای ڈی بلب کااستعمال کریں تو مچھروں کی تعداد میں ڈرامائی کمی آسکتی ہے۔
نیم کا تیل
نیم کا تیل مچھروں سے بچانے کا آسان ترین ذریعہ ہے، بس اس تیل کو لباس سے باہر موجود جسمانی حصوں پر لگالیں، مچھر آپ سے دور رہیں گے۔