سوشل میڈیا بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر کرتا ہے، ماہرین

سوشل میڈیا بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت متاثر کرتا ہے، ماہرین


اگر آپ کے بچے سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارتے ہیں تو یہ عادت ان کی تعلیمی قابلیت کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔ یہ بات امریکا ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آئی۔ کیلیفورنیا یونیورسٹی کی ایک نئی تحقیق میں انکشاف ہوا ہے کہ 13 سال سے کم عمر وہ بچے جو سوشل میڈیا پر زیادہ وقت گزارتے ہیں۔

مطالعہ، یادداشت اور الفاظ کے ذخیرے جیسے تعلیمی ٹیسٹوں میں نسبتاً کمزور کارکردگی دکھاتے ہیں۔

تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کے زیادہ استعمال اور بچوں کی ذہنی و تعلیمی صلاحیتوں میں کمی کے درمیان واضح تعلق پایا گیا۔

یہ مطالعہ پہلے کیے گئے اُن تحقیقات سے مختلف ہے جو زیادہ تر سوشل میڈیا کے ذہنی صحت پر اثرات تک محدود تھیں۔ اس تحقیق میں خاص طور پر اسکول جانے والے بچوں کی تعلیمی کارکردگی پر توجہ دی گئی۔

تحقیق کے ماہرین نے ایک طویل مدتی مطالعے کا ڈیٹا استعمال کیا، جس میں 9 سے 13 سال کی عمر کے 6 ہزار سے زائد بچوں کو شامل کیا گیا تھا تاکہ ان کے دماغی ارتقا اور سوشل میڈیا کے اثرات کا مشاہدہ کیا جا سکے۔

بچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال کی بنیاد پر تین گروپس میں تقسیم کیا گیا ایک گروپ میں وہ بچے شامل تھے جو سوشل میڈیا بہت کم یا بالکل استعمال نہیں کرتے تھے (58 فیصد)، دوسرا گروپ وہ تھا جنہوں نے وقت کے ساتھ روزانہ کم از کم ایک گھنٹہ استعمال شروع کیا (37 فیصد)، جبکہ تیسرا گروپ وہ تھا جو روزانہ تین گھنٹے یا اس سے زیادہ وقت سوشل میڈیا پر گزارتے تھے (6 فیصد)۔

تمام گروپس کے بچوں سے تحقیق کے آغاز اور اختتام پر مختلف ذہنی صلاحیتوں کے ٹیسٹ لیے گئے تاکہ ان کے سیکھنے، یاد رکھنے اور توجہ مرکوز رکھنے کی صلاحیتوں میں فرق جانچا جا سکے۔

محققین نے بتایا کہ ہم یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ دوسرے گروپ میں شامل (ایک گھنٹے تک سوشل میڈیا استعمال کرنے والے) بچوں کی ٹیسٹوں میں کارکردگی میں تنزلی دیکھنے میں آئی۔

سوشل میڈیا زیادہ استعمال کرنے والے بچوں نے ٹیسٹوں میں سوشل میڈیا سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں 4 سے 5 پوائنٹس تک کم اسکور حاصل کیا۔

محققین کے مطابق نتائج سے واضح ہوتا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس سے بچوں کی ذہانت پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، یہاں تک کہ مختصر وقت تک استعمال کرنے سے بھی ایسا ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ٹیسٹوں میں چند پوائنٹس کم لینا کچھ زیادہ بدتر محسوس نہیں ہوتا مگر عمر میں اضافے کے ساتھ سوشل میڈیا پر گزارے جانے والا وقت بھی بڑھے گا جس کا مطلب یہ ہے کہ ذہنی افعال زیادہ متاثر ہوسکتے ہیں۔

اس تحقیق نتائج جرنل JAMA میں شائع ہوئے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top