اللہ تعالیٰ نے سورج میں بھی انسانی غذائیت کا راز مضمر رکھا ہے کیونکہ باقی خوراکوں کی طرح سورج بھی کسی حد تک ہماری غذائیت کا ایک قدرتی ذریعہ ہے خاص طور پر وٹامن ڈی کے حوالے سے۔
سورج اور انسانی غذائیت کا بنیادی تعلق وٹامن ڈی کی تیاری سے ہے۔ جب سورج کی شعاعیں (خاص طور پر UVB شعاعیں) ہماری جلد پر پڑتی ہیں تو ہمارا جسم خودبخود وٹامن ڈی بناتا ہے۔ وٹامن ڈی ہمارے جسم کے لیے اتنا اہم ہے کہ خوراک کے علاوہ زیادہ تر ضرورت سورج کی روشنی سے پوری ہوتی ہے۔
وٹامن ڈی ہڈیوں کو مضبوط رکھتا ہے اور کیلشیم کے جذب میں مدد دیتا ہے۔ مدافعتی نظام کو فعال کرتا ہے۔ دماغی صحت کو بہتر بناتا ہے اور ڈپریشن جیسے مسائل میں مدد دیتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ پٹھوں کی کارکردگی اور توازن کے لیے بھی ضروری ہے۔ اس کی کمی ہڈیوں کی کمزوری (رکیٹس، اوسٹیوپوروسس) کا باعث بن سکتی ہے اور مدافعتی نظام کمزور کرسکتی ہے۔
اگر وٓٹامن ڈی کی جسم میں کمی ہو تو یہ موڈ میں اتار چڑھاؤ اور ڈپریشن کا خطرہ بھی بڑھا سکتا ہے۔ دن کے وقت،خاص طور پر صبح یا شام کے قریب، 10-20 منٹ سورج کی روشنی لینا مفید ہوتا ہے۔ تاہم بہت زیادہ یا دوپہر کے وقت دھوپ میں رہنا جلد کے کینسر یا جِلد کے مسائل کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔