دنیا بھر کے لوگ سب سے زیادہ کس چیز سے ڈرتے ہیں؟ تحقیق سے جانیں

دنیا بھر کے لوگ سب سے زیادہ کس چیز سے ڈرتے ہیں؟ تحقیق سے جانیں


ہالووین کا موسم ہے گلیوں میں کدو کے لالٹین، خوفناک ملبوسات اور نقاب پوش بچوں کی چہل پہل اپنے عروج پر ہے۔ مگر حیران کن طور پر، اس بار امریکی عوام کو بھوت، چڑیلیں یا زومبیز نہیں، بلکہ حکومتی کرپشن سب سے زیادہ ڈرا رہی ہے۔

کیلیفورنیا کی چیپ مین یونیورسٹی کی ایک تازہ تحقیق کے مطابق، 69 فیصد امریکیوں نے اعتراف کیا کہ انہیں سب سے زیادہ خوف سیاست دانوں کی بدعنوانی سے ہے۔

یعنی اس ہالووین پر لوگوں کو بھوتوں سے نہیں بلکہ اپنے لیڈروں سے ڈر لگ رہا ہے۔

یہ سالانہ سروے ہر ہالووین سے قبل کیا جاتا ہے تاکہ معلوم ہو سکے کہ امریکی کس چیز سے سب سے زیادہ خوفزدہ ہیں۔ اس بار جواب تقریباً متفقہ ہے: “کرپشن — سب سے بڑا ڈر!”

تحقیق میں یہ بھی سامنے آیا کہ کرپشن کے بعد لوگوں کے بڑے خدشات میں اپنوں کی بیماری، مالی نقصان، اور سائبر حملے شامل ہیں۔

کئی شرکاء نے کہا کہ وہ معاشی غیر یقینی صورتحال، سیاسی بحران اور بڑھتے ہوئے ہیکنگ واقعات سے خوف محسوس کرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ ماہرین کے مطابق اصل خطرات اتنے بڑے نہیں جتنے عوام کو محسوس ہوتے ہیں، مگر چونکہ میڈیا انہیں بار بار نمایاں کرتا ہے، اس لیے یہ خوف مسلسل بڑھ رہا ہے۔

سروے کے سربراہ ڈاکٹر کرسٹوفر بیڈر کا کہنا تھا “یہ جاننا کہ ہمیں کس چیز سے خوف آتا ہے، دراصل ہمیں خود پر قابو پانے میں مدد دیتا ہے۔ جب ہم اپنے ڈر کو پہچان لیتے ہیں، تو ہم اس پر غالب آ سکتے ہیں۔”

ان کے مطابق، زیادہ تر لوگ اب بھوتوں یا مافوق الفطرت چیزوں سے نہیں بلکہ حقیقی دنیا کے مسائل ،جیسے بدعنوانی، جنگ، اور معاشی دباؤ سے ڈرتے ہیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ نتیجہ اس وقت سامنے آیا جب امریکی سیاست میں رپشن کے کئی کیسز نے سرخیاں بنائیں۔

نیویارک کے سابق میئر پر رشوت کے الزامات ہیں اور موجودہ امیدواروں کی سیاسی رسہ کشی نے عوام کے اعتماد کو مزید ہلا دیا ہے۔

ایک شہری نے مذاق میں کہا، ”ہالووین پر میں بھوتوں سے نہیں ڈرتا ، بس ٹی وی پر سیاست کی خبریں نہ چلاؤ!“

ماہرین کہتے ہیں کہ وقت کے ساتھ انسانوں کے خوف بھی بدل گئے ہیں۔ پہلے لوگ اندھیری راتوں، قبروں اور جنّات سے ڈرتے تھے، اب سائبر حملے، مالی بحران اور کرپٹ سیاست ان کے نئے ”ڈراؤنے چہرے“ ہیں۔

تو اس ہالووین اگر آپ امریکہ میں ہیں اور کسی سے پوچھیں کہ وہ کس سے ڈرتا ہے تو جواب شاید یہی ہوگا،

”بھوت نہیں، سیاست دان زیادہ ڈراتے ہیں!“

واضح رہے کہ ہالووین ایک سالانہ تہوار ہے جو 31 اکتوبر کو منایا جاتا ہے اور اس کی شروعات ایک قدیم تہوار ”سمہین“ سے ہوئی تھی، جو موسمِ خزاں کے اختتام پر منایا جاتا تھا۔

اس دن لوگ بھوت، جنّات اور مشہور کرداروں کے لباس میں ملبوس ہوتے ہیں، گھر کی سجاوٹ کرتے ہیں، کدو کی لالٹین بناتے ہیں اور بچوں کے لیے ”ٹریک اور ٹریٹ“ کے ذریعے میٹھے جمع کرنے کا رواج ہوتا ہے۔ ہالووین بنیادی طور پر تفریح، خوفناک کہانیاں اور ثقافتی رسومات کے امتزاج کا تہوار ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top