بینائی کو کیسے بہتر بنایا جائے؟ جانیے آسان طریقے

بینائی کو کیسے بہتر بنایا جائے؟ جانیے آسان طریقے


اگرہم آپ سے یہ کہیں کہ اپنے دن سے صرف چند منٹ نکالنا آپ کی بینائی کو تیز کر سکتا ہے؟ حیرت کی بات ہے ناں۔

یوگا پوز نہ صرف آپ کی بینائی کو تیز کردیں گے بلکہ آپ کی آنکھوں کے اطراف موجود تناو اور ٹینشن سے بھی نجات دلاتے ہیں۔

جی ہاں !! آپ دن میں محض چند منٹ مختص کر کے اپنی قوت بینائی کی حفاظت یا اس کی بہتری کو یقینی بنا سکتے ہیں

بھارتی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق ذیل میں بتائی جانے والی نو یوگا مشقیں نظر کی بہتری اور آنکھوں کے گرد تناؤ کم کرنے میں معاون ثابت ہوتی ہیں :

آنکھوں کی حفاظت کے لیے مفید اور آسان طریقے

ہاتھ کی ہتھیلی

آرام دہ نشست کے ساتھ بیٹھ جائیں جس میں آپ کی ریڑھ کی ہڈی سیدھی ہو۔ دونوں ہاتھوں کی ہتھیلیوں کو آپس میں رگڑیں یہاں تک کہ گرمائش آ جائے۔ پھر آنکھیں بند کر کے دونوں ہتھیلیوں کو آنکھوں پر رکھ لیں اور چند منٹ تک گہرے سانس لیجیے۔

آنکھیں جھپکنا

یہ آنکھوں کو تازہ دم اور تر کرنے کا قدرتی طریقہ سمجھا جاتا ہے۔ اس سے آنکھوں کے اندر خشکی بھی کم ہو جاتی ہے۔ اس مشق کے لیے 10 سے 15 بار تیزی سے آنکھیں جھپکیں اور پھر آنکھیں موند کر چند سیکنڈ آرام کریں۔ اس عمل کو کئی بار دہرائیں۔

آنکھیں گھمانا

یہ عمل آنکھوں میں خون کی گردش بہتر بنانے اور آنکھوں کے پٹھے مضبوط بنانے کے واسطے ایک مؤثر ورزش ہے۔ کمر سیدھی رکھتے ہوئے بیٹھ جائیں اور کندھوں کو ڈھیلا چھوڑ دیں۔ اوپر کی جانب دیکھیے اور گھڑی کی سوئی کی سمت میں دھیرے دھیرے دونوں آنکھوں کو چند بار گھمائیں۔ چند چکر پورے کرنے کے بعد گھڑی کی سوئی کی مخالف سمت میں اسی عمل کو دہرائیں۔

مرکزِ نگاہ تبدیل کرنا

مرکزِ نگاہ تبدیل کرنے سے آنکھوں کے عدسے کی لچک بہتر بنانے اور آںکھوں کے پٹھے مضبوط کرنے میں مدد ملتی ہے۔ اس کے لیے اپنے ہاتھ کا انگوٹھا چہرے کے سامنے 10 انچ کے فاصلے پر کر لیں۔ چند سیکنڈ کے لیے انگوٹھے پر نگاہ مرکوز کر دیں اور پھر نگاہ کو تھوڑی دوری موجود کسی چیز پر جما لیں اور چند سیکنڈ گزار دیں۔ اس پورے عمل کو 10 سے 15 مرتبہ دہرائیں۔

قریب اور دور نگاہ مرکوز کرنا

قریب اور دوری پر مرکوز کرنا بھی نگاہ کے ارتکاز کی صلاحیت بہتر بنانے کی ایک شان دار مشق شمار ہوتی ہے۔ اس میں انگوٹھے کو چہرے کے سامنے 25 سینٹی میٹر دور رکھ کر اس پر چند سیکنڈ نگاہ مرکوز کی جاتی ہے۔ پھر کم از کم 3 میٹر دور کسی چیز پر چند سیکنڈ کے لیے نگاہ جمائی جاتی ہے۔

زوم کرنا

اس مشق میں آرام دہ نشست کے ساتھ سامنے کی جانب بازو پھیلا کر بیٹھ جاتے ہیں اور انگوٹھے پر نگاہ مرکوز کرتے ہیں۔ اس کے بعد انگوٹھے پر نگاہ مرکوز رکھتے ہوئے اسے دھیرے دھیرے چہرے کے قریب لاتے ہیں۔ ایک بار پھر سے بازو کو چہرے سے دور لے جاتے ہیں اور یہ ہی حرکات کئی بار دہراتے ہیں۔

نمبر “8” کی صورت

آنکھ کے پٹھوں کی لچک بہتر بنانے اور آنکھ کی حرکت پر گرفت مضبوط بنانے کے لیے “8” نمبر کی شکل کا تصور مدد گار ہوتا ہے۔ اس کے لیے اپنے سامنے تقریبا 10 فٹ کی دوری پر “8” کی ضخیم شکل کا تصور کریں اور پھر دونوں آنکھوں سے اس خیالی 8 نمبر پر دھیرے دھیرے اپنی نگاہیں پھرائیں۔ پھر چند منٹ نظریں جما کر رکھیں اور پھر سمت تبدیل کر کے اس عمل کو دہرائیں۔

آنکھ کو دونوں جانب حرکت دینا

یہ عمل آنکھ کے پٹھوں کی جانبی لچک بہتر بناتا ہے۔ اس سے تھکن کم ہوتی ہے اور اطراف کی رؤیت بہتر ہوتی ہے۔ اس مشق میں دونوں آنکھوں کو پہلے دھیرے دھیرے بائیں جانب حرکت دیں اور چند سیکنڈ رک جائیں۔ اس کے بعد دونوں آنکھوں کو بائیں سے دائیں جانب لے جائیں اور چند سیکنڈ رک جائیں۔ پھر اسی عمل کو کئی مرتبہ دہرائیں۔

آنکھ کو اوپر اور نیچے حرکت دینا

یہ عمل آنکھ کے پٹھوں کی عمودی لچک کو مضبوط بناتا ہے۔ یہ آنکھوں کے گرد تناؤ کم کرنے میں بھی مدد گار ہو سکتا ہے۔ اس مشق میں دونوں آنکھوں کو آہستہ آہستہ چھت کی طرف حرکت دیتے ہیں اور چند سیکنڈ رک جاتے ہیں۔ اس کے بعد دونوں آنکھوں کو زمین کی طرف حرکت دیتے ہیں اور چند سیکنڈ رک جاتے ہیں۔ اس عمل کو کئی بار دہراتے ہیں۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top