صحت بخش اور اچھی غذا کھانے کا یہ مطلب نہیں ہوتا کہ ذائقے کی قربانی دی جائے، کئی لذیذ غذائیں ایسی ہیں جو قدرتی طور پر ایسے غذائی اجزاء سے بھرپور ہیں جو بلڈ پریشر کنٹرول کرنے اور دل کی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
ماہرین کے مطابق درج ذیل تین غذائیں خاص طور پر مؤثر ہیں:
ڈارک چاکلیٹ
بلڈ پریشر کم کرنے کیلئے ڈارک چاکلیٹ
ڈارک چاکلیٹ نہ صرف ذائقے میں لذیذ ہے بلکہ بلڈ پریشر کے لیے بھی فائدہ مند ہے، اس میں موجود کوکو کے قدرتی اجزاء خون کی نالیوں کو آرام دیتے ہیں اور بلڈ پریشر کم کرنے میں مددگار ہیں، تحقیق کے مطابق ڈارک چاکلیٹ خاص طور پر اُن افراد کے لیے مؤثر ہے جو ہائی بلڈ پریشر یا بارڈر لائن پر ہیں، بہترین فائدے کے لیے ایسی ڈارک چاکلیٹ کا انتخاب کریں جس میں کم از کم 70 فیصد کوکو موجود ہو۔
اسٹرابیری
بلڈ پریشر کم کرنے کیلئے اسٹرابیری
اسٹرابیری صرف ایک خوبصورت رنگ والا مزیدار پھل ہی نہیں بلکہ غذائی اجزاء کا خزانہ بھی ہے، اس میں موجود قدرتی اجزاء، جو پھل کو سرخ رنگ دیتے ہیں، خون کی روانی کو بہتر بنانے اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے کے لئے مددگار ثابت ہوتے ہیں، وٹامن C اسٹرابیری کو ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ بناتا ہے جبکہ وٹامن B9 خون کے نئے خلیے بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس کے علاوہ فائبر دل کی بیماریوں کے خطرات کم کرتا ہے۔
سوئس چیز
بلڈ پریشر کم کرنے کیلئے
پنیر اکثر بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے نقصان دہ سمجھا جاتا ہے، مگر سوئس چیز اس خیال کو غلط ثابت کرتی ہے، اس میں سوڈیم کی مقدار دیگر اقسام کے مقابلے میں کم ہوتی ہے، جو ہائی بلڈ پریشر کے مریضوں کے لیے بہتر انتخاب بناتی ہے، سوئس چیز کیلشیم سے بھی بھرپور ہے جو دل اور ہڈیوں کی صحت کے لیے ضروری ہے، سوئس چیز بہت کم کیلوریز رکھتی ہے، جو وزن قابو میں رکھنے میں بھی مددگار ہے، اور اس میں موجود بایو ایکٹیو پیپٹائڈز خون کی نالیوں کو آرام دے کر بلڈ پریشر کم کرنے میں کردار ادا کرتے ہیں۔