سر کے بال گرنا کسی بھی مرد یا خاتون کے لیے ایک ڈراؤنے خواب کی مانند ہے اور خصوصاً خواتین کے لیے یہ چیز بہت بڑی پریشانی کا باعث بھی بن سکتی ہے۔
بڑھتی عمر کے ساتھ بالوں کا سفید ہونا یا گرنا تو ایک قدرتی عمل ہے لیکن اگر یہ چیز وقت سے پہلے ظاہر ہونے لگے تو تشویش ہوجاتی ہے۔
اس حوالے سے نجی ٹی وی کے پروگرام میں اسکن اینڈ ہیئر ایکسپرٹ ڈاکٹر خرم مشیر نے ناظرین کو اس کی وجوہات اور علاج سے آگاہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ بال خورہ جسے ایلوپیشیا یا بال چر بھی کہا جاتا ہے، اس کی مختلف وجوہات ہوسکتی ہیں جس میں سب سے بڑی وجہ ہماری غذا ہے، غذا میں پروٹین کا ہونا بہت ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ تصور کیا جاتا ہے کہ گرمی کے موسم میں مچھلی نہ کھائی جائے ایسا ہرگز نہیں ہے اعتدال میں رہ کر ہر چیز کھائی جاسکتی ہے۔
ڈاکٹر خرم مشیر کے مطابق عام طور پر کم عمری میں بال خورہ اور بال گرنے کی سب سے بڑی وجہ ہارمونز کا عدم توازن ہوتا ہے، دوسرا مائیکرو نیوٹرینٹس کی کمی ہے اور تیسرا ذہنی تناؤ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بال گرنے یا بال خورہ اور دیگر مسائل سے بچنے کیلئے ہفتے میں دو مرتبہ سر میں تیل کی مالش کرنا، بھرپور نیند لینا اور پروٹین والی غذائیں بہت ضروری ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ بالوں کے گرنے کی کچھ وجوہات ہمارے قابو سے باہر ہیں اوران میں سرفہرست جینیاتی گنجا پن ہے۔ اس کے علاوہ ہارمونز کی وجہ سے ہونے والا گنج پن (اینڈروئیڈ ایلوپیسیا ) جو مردوں میں عام ہے اور خواتین میں نایاب سمجھا جاتا ہے۔