بارشوں کے موسم میں اسہال، ٹائیفائیڈ، ہیپاٹائٹس اے اور وائرل بخار جیسی بیماریاں عام ہو جاتی ہیں، جن کا فوری علاج ضروری ہے۔
برسات کے موسم میں اگر بارش میں نہ بھی بھیگیں تو کیڑے مکوڑے ضرور کسی نہ کسی علالت کے پھیلاؤ کا سبب بنتے ہیں۔
موسم برسات میں ہونے والی یہ بیماریاں عام طور پر آلودہ پانی اور کھانے، یا متاثرہ شخص سے رابطے کے ذریعے پھیلتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق فوری آرام کیلیے ان 5 گرم مسالوں کا استعمال لازمی کرنا چاہیے۔ جن میں ادرک ہلدی دار چینی کالی مرچ اور لونگ شامل ہیں۔
ادرک:
ادرک قدرتی طور پر اینٹی بیکٹیریل اور اینٹی وائرل خصوصیات رکھتی ہے۔ برسات میں ہونے والی گلے کی خراش، کھانسی، نزلہ اور ہاضمے کی خرابی میں مفید ہے۔ پیٹ میں گیس، اپھارہ اور متلی میں آرام دیتا ہے۔
ہلدی:
ہلدی ایک طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ اور اینٹی سیپٹک ہے۔ برسات میں جلدی انفیکشنز، الرجی اور سوجن سے بچاتی ہے۔قوتِ مدافعت کو مضبوط کرتی ہے۔اسے دودھ میں ملا کر ’’ہلدی دودھ‘‘ کے طور پر پینا چاہئے۔
دار چینی:
جسم کو گرمی پہنچاتی ہے اور ٹھنڈے ماحول میں جسمانی حرارت برقرار رکھتی ہے۔موسم باراں میں وائرل بخار اور زکام کے خلاف مؤثر ہے۔دار چینی بلڈ شوگر کو بھی متوازن رکھنے میں مدد دیتی ہے۔
کالی مرچ:
برسات کے موسم میں کالی مرچ بلغم خارج کرنے میں مدد دیتی ہے۔سردی لگنے، زکام، یا سینے میں جکڑن کیلئے مفید ہے۔ہاضمہ بہتر کرتی ہے اور بھوک کو ابھارتی ہے۔اسے چائے یا قہوے میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
لونگ:
لونگ میں طاقتور جراثیم کُش خصوصیات ہوتی ہیں۔کھانسی، گلے کی سوزش اور دانت درد میں مفید ہے۔برسات میں پیٹ کے کیڑوں اور انفیکشن سے بچاتی ہے۔چائے میں دو عدد لونگ ڈالنا مفید ہوسکتا ہے۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔