یہ عادت آپ کو ہارٹ اٹیک کا شکار بناسکتی ہے

یہ عادت آپ کو ہارٹ اٹیک کا شکار بناسکتی ہے


ناشتہ ممکنہ طور پر دن کی سب سے اہم غذا ہے خصوصاً جب بات دل کی صحت کی ہو کیونکہ اسے چھوڑنا ہارٹ اٹیک کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔ یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

آئیووا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ دن کی پہلی غذا سے گریز خون کی شریانوں کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔

تحقیق کے مطابق جو لوگ ناشتہ نہیں کرتے، ان میں ہارٹ اٹیک یا فالج سمیت خون کی شریانوں سے جڑے امراض سے موت کا خطرہ ناشتے کے عادی افراد کے مقابلے میں 87 فیصد زیادہ ہوتا ہے۔

تحقیقی ٹیم میں شامل پروفیسر وائی باو کے مطابق ناشتے کو دن کی اہم ترین غذا مانا جاتا ہے، صحت بخش غذا خون کی شریانوں سے جڑے امراض کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرتی ہے، یہ بات امریکن ہارٹ ایسوسی ایشن اور دیگر طبی اداروں نے بھی واضح کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ماضی کی تحقیقی رپورٹس زیادہ توجہ اس بات پر دی گئی کہ لوگ کیا کھاتے ہیں، اس پر نہیں کہ لوگ اس کا انتظام کیسے کرتے ہیں، یہ پہلی تحقیق ہے جس میں ناشتہ نہ کرنے اور خون کی شریانوں کی صحت کے درمیان تعلق کا جائزہ لیا گیا۔

اس مقصد کے لیے محققین نے 1988 سے 1994 کے درمیان 40 سے 75 سال کی عمر کے افراد پر ہونے والے غذائی سروے رپورٹس کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا۔

ان سروے رپورٹ کے مطابق 5 فیصد افراد کبھی بھی ناشتہ نہیں کرتے تھے، 11 فیصد کبھی کبھار جبکہ 25 فیصد کچھ دن ناشتہ کرتے اور کچھ دن نہیں کرتے، باقی افراد روزانہ ناشتہ کرنے والے تھے۔

اس افراد کی صحت کا جائزہ 2011 میں طبی ریکارڈ کے مطابق پھر لیا گیا اور مختلف عناصر کو مدنظر رکھ کر نتیجہ نکالا گیا جو لوگ کبھی ناشتہ نہیں کرتے، ان میں ہارٹ اٹیک یا فالج وغیرہ سے موت کا خطرہ 87 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ناشتے کے فوائد

ناشتے کے فوائد طبی سائنس میں ثابت ہوچکے ہیں جیسے ناشتہ کرنے سے جسمانی میٹابولزم حرکت میں آتا ہے جبکہ دن بھر کے لیے جسمانی توانائی حاصل ہوتی ہے۔

اسی طرح ناشتہ نہ کرنا مختلف امراض کو زیادہ پیچیدہ بناسکتا ہے جیسے ذیابیطس ٹائپ ٹو، ہائی بلڈ پریشر اور موٹاپا وغیرہ۔

اس نئی تحقیق کے حوالے سے طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ یہ ان تحقیقی رپورٹس میں نیا اضافہ ہے جو بتاتی ہیں کہ ناشتہ کرنا صحت کے لیے فائدہ مند عمل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ناشتہ کرنے کی عادت موٹاپے سے بچانے میں مدد دیتی ہے، پیٹ کو زیادہ دیر تک بھرے رکھتی ہے جبکہ دوپہر اور رات کے کھانے کے لیے انسولین کی حساسیت میں بہتر آتی ہے۔

آسان الفاظ میں ناشتہ کرنے والے افراد کا جسم صحت مند رہنے کا امکان زیادہ ہوتا ہے جس سے دل کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے۔




Courtesy By Such News

Leave a Comment

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Scroll to Top