اکثر افراد کھانے پینے میں اعتدال اختیار نہیں کرتے، جس کے باعث بدہضمی، گیس، متلی اور دیگر پیٹ کے مسائل جنم لیتے ہیں۔
بدہضمی ایک عام بیماری ہے جس میں پیٹ بھرا بھرا سا محسوس ہوتا ہے، بھوک کم لگتی ہے اور کھانے کے بعد سینے میں جلن، گیس، ڈکاریں اور پیٹ درد کی شکایت رہتی ہے۔
یہ کیفیت وقتی بھی ہو سکتی ہے اور اگر مسلسل رہے تو اسے کسی بڑی بیماری کا پیش خیمہ بھی کہا جا سکتا ہے۔
ماہر صحت نے بدہضمی کے علاج کیلیے ایک گھریلو نسخہ تجویز کیا ہے جس کے استعمال سے گیس اور معدے کی تکلیف سے باآسانی نجات حاصل کی جاسکتی ہے۔
نسخہ بنانے کی ترکیب
سوکھے پودینے کے پتے ۔ ۔ ۔ ایک چمچ
سونٹھ ۔ ۔ ۔ 4 سے 6 گرام کا ٹکڑا
سونف ۔ ۔ ۔ ایک چائے کا چمچ
اجوائن ۔ ۔ ۔ چوتھائی چائے کا چمچ
میٹھا سوڈا ۔ ۔ ۔ ۔صرف ایک چٹکی
ان تمام اجزاء کا سفوف بنا کر رکھ لیں اور روزانہ آدھا چائے کا چمچ رات کو سونے سے قبل اور صبح ناشتے کے بعد لیں یقیناً افاقہ ہوگا۔
اس کے علاوہ ضرورت پڑنے پر کسی اور وقت بھی لے سکتے ہیں۔
یہ سفوف 8 سال کی عمر تک کے بچوں علاوہ کسی بھی عمر کے مرد و عورت کو دیا جا سکتا ہے۔
جو لوگ معدے کے بھاری پن، تیزابیت یا ہاضمے کے حوالے سے کسی تکلیف میں مبتلا ہیں ان کیلیے یہ نسخہ انتہائی کارآمد ہے۔
اس کے علاوہ اگر معدے میں گیس کی زیادتی یا جسم کے مختلف حصوں میں اس کے باعث درد ہو اور نظام ہاضمہ کی بہتری کے لیے تو یہ نہایت مفید نسخہ آزمائیں۔
نوٹ : مندرجہ بالا تحریر معالج کی عمومی رائے پر مبنی ہے، کسی بھی نسخے یا دوا کو ایک مستند معالج کے مشورے کا متبادل نہ سمجھا جائے۔