کیا دیسی گھی صحت کے لیے نقصان دہ ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو بیشتر افراد کے ذہن میں ہوتا ہے اور اکثر افراد اسے نقصان دہ سمجھتے ہیں۔
مگر کیا واقعی گھی صحت کے لیے نقصان دہ اور آپ کو بیمار بناسکتا ہے؟ تو اس کا جواب یہ ہے کہ ایسا نہیں درحقیقت طبی سائنس نے ان خدشات کو رد کیا ہے بلکہ اسے روزمرہ کی غذا کا حصہ بنانا چاہئے۔
اس کے متعدد فوائد ہیں جو کہ درج ذیل ہیں:
ماہرین کے مطابق گھی نظام ہاضمہ کو بہتر بناتا ہے اور یہ معدے کے ان ایسڈز کے لیے مددگار ثابت ہوتا ہے جو کھانا ہضم کرنے میں مدد دیتے ہیں جبکہ یہ جسمانی سستی دور رکھنے کے لیے بھی فائدہ مند ہے۔
گھی کا استعمال جسم کو وٹامن اے فراہم کرتا ہے جو بینائی کے لیے ضروری ہوتا ہے۔
اور اگر یہ فکر ہے کہ گھی کھانے سے کولیسٹرول بڑھ سکتا ہے تو یہ جان لیں کولیسٹرول کی 2 اقسام ہوتی ہیں، ایک صحت کے لیے فائدہ مند اور نقصان، گھی میں صحت کے لیے فائدہ مند کولیسٹرول ہوتا ہے جو جسم کو فائدہ پہنچاتا ہے مگر اعتدال سے استعمال ضروری ہوتا ہے۔
متعدد طبی ماہرین خواتین کو روزانہ کی غذا میں گھی کے اضافے کا مشورہ دیتے ہیں خصوصاً حاملہ خواتین کو، جو پیٹ میں موجود بچے کی نشوونما کے لیے بہترین ثابت ہوتا ہے۔
گھی کو چہرے پر لگانا اسے جگمگانے میں بھی مدد دیتا ہے۔
جسمانی وزن میں کمی کی کوشش کے حوالے سے بھی اس کا استعمال فائدہ مند ہوتا ہے، خصوصاً دیسی گھی مددگار ہوتا ہے۔
البتہ مٹھائیوں میں موجود گھی موٹاپے کا باعث بن سکتا ہے، اس کے مقابلے میں روزمرہ کی غذا میں اس کی شمولیت فائدہ مند ہوتی ہے۔
گھی میں ایسا اینٹی آکسائیڈنٹ ہوتا ہے جو اینٹی وائرل خصوصیات رکھتا ہے۔
اگر آپ اکثر بیمار ہوجاتے ہیں تو جسمانی مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے کی ضرورت ہے جس کے لیے چٹکی بھر گھی اپنی غذا میں شامل کردیں جو مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتا ہے۔
صحت کے لیے فوائد سے ہٹ کر بھی گھی کا ایک اور فائدہ یہ ہے کہ اس کو محفوظ کرنا آسان ہوتا ہے جبکہ یہ آسانی سے خراب نہیں ہوتا۔
اور ہاں اگر کھانا پکاتے ہوئے ہاتھ جل گیا ہے تو فوری ریلیف کے لیے تھوڑا سا گھی زخم پر لگالیں۔
گھی میں موجود فیٹی ایسڈز اور اینٹی آکسائیڈنٹس اسے خشک اور روکھے بالوں کے لیے بہترین ہیئر کنڈیشنر بناتے ہیں، گھی اور زیتون کے تیل کو ملا کر بالوں پر لگانا انہیں نرم اور جگمگانے میں مدد دیتا ہے، اسی طرح گھی میں لیموں کے عرق کو ملا کر لگانا خشکی سے نجات دلاتا ہے۔
نیند کی کمی، ذہنی تناﺅ یا بہت زیادہ کام کرنے کے نتیجے میں آنکھوں کے گرد سیاہ حلقے ابھر آتے ہیں، مگر گھی کی مدد سے ان سے فوری نجات پائی جاسکتی ہے۔ سونے سے قبل نرمی سے گھی کی کچھ مقدار کو آنکھوں کے ارگرد لگائیں، جس سے بہت جلد سیاہ حلقوں سے نجات پانے میں مدد ملے گی۔