اسٹرابیری ایسا پھل ہے جو دیکھنے میں بہت زیادہ خوبصورت ہوتا ہے اور ذائقے کے لحاظ سے بھی بہترین ہوتا ہے۔
کچھ مقدار میں اسٹرابیریز کھانے سے پروٹین، کاربوہائیڈریٹس، غذائی فائبر، کیلشیئم، آئرن، میگنیشم، فاسفورس، پوٹاشیم، وٹامن سی، فولیٹ اور وٹامن اے جسم کو ملتے ہیں۔
اس کے علاوہ یہ پھل کیمیائی نباتاتی مرکبات سے بھی بھرپور ہوتا ہے جس سے صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور مختلف امراض کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
اس پھل کے چند فوائد درج ذیل ہیں۔
امراض قلب سے تحفظ
اسٹرابیری میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے امراض قلب سے تحفظ مل سکتا ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ اس پھل میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹس سے ہارٹ اٹیک کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اس پھل کی ورم کش خصوصیات کی وجہ سے بھی امراض قلب کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اسٹرابیری میں موجود پوٹاشیم سے ہائی بلڈ پریشر کا خطرہ کم ہوتا ہے جس سے بھی دل کی صحت کو فائدہ ہوتا ہے۔
فالج کا خطرہ کم کرے
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ فلیونوئڈز نامی مرکبات سے فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ یہ مرکبات اسٹرابیری میں بھی موجود ہوتے ہیں اور اسی وجہ سے یہ پھل کھانے سے فالج کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
کینسر سے بچاؤ کے لیے بھی مفید
اسٹرابیری اور دیگر بیریز میں موجود غذائی مرکبات سے کینسر کی مخصوص اقسام سے بچنے میں ممکنہ مدد مل سکتی ہے۔ تحقیق رپورٹس کے مطابق اسٹرابیری یا دیگر بیریز کو کھانے سے پھیپھڑوں، مثانے، جگر اور لبلبے کے کینسر سے بچنا ممکن ہو سکتا ہے۔ اس حوالے سے اب تک تحقیقی کام جانوروں پر ہوا ہے تو انسانوں پر مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔
بلڈ پریشر کی سطح کم کرے
اسٹرابیری میں موجود پوٹاشیم سے ہائی بلڈ پریشر کے شکار افراد کو فائدہ ہو سکتا ہے۔ یہ غذائی جز نمکیات سے جسم پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کی روک تھام کرتا ہے۔ پوٹاشیم سے بھرپور غذاؤں کے استعمال سے بلڈ پریشر کی سطح میں کمی آتی ہے جس سے ہارٹ اٹیک اور فالج کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
قبض کو دور رکھے
فائبر سے بھرپور ہونے کی وجہ سے اسٹرابیری قبض جیسے عام اور تکلیف دہ مسئلے سے بھی بچانے کے لیے بہترین پھل ہے۔
ذیابیطس ٹائپ 2 سے بچائے
اس پھل میں موجود پولی فینولز نامی مرکبات سے صحت مند افراد میں انسولین کی حساسیت بہتر ہوتی ہے جس سے بلڈ شوگر کی سطح میں اضافے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ اسٹرابیری کھانے سے گلوکوز کی دیگر اقسام کو بھی کنٹرول کرنے میں مدد ملتی ہے۔
جوڑوں کی تکلیف میں کمی لائے
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ ورم کش خصوصیات کے باعث اسٹرابیری کھانے سے جوڑوں کی تکلیف میں کمی آتی ہے۔ اس پھل کو کھانے سے گھٹنوں کی تکلیف اور سوجن میں کمی آسکتی ہے۔
جِلد کو تحفظ
اسٹرابیری ورم کش پھل ہے جس سے جِلد کو نقصان پہنچنے سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔ ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ وٹامن سی سے بھرپور پھل جیسے اسٹرابیری سے ورم کی اس قسم میں کمی لانے میں مدد ملتی ہے جو کیل مہاسوں کا باعث بنتا ہے۔ اسی طرح اسٹرابیری کھانے سے جسم کو وہ وٹامنز اور دیگر غذائی اجزا ملتے ہیں جو جِلد کی لچک اور نمی کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔
دماغی صحت بہتر ہوتی ہے
تحقیقی رپورٹس سے ثابت ہوا ہے کہ اینٹی آکسائیڈنٹس سے بھرپور پھل جیسے اسٹرابیری اور بلیو بیری کھانے سے عمر بڑھنے کے ساتھ آنے والی دماغی تنزلی کی رفتار سست ہوتی ہے۔ رپورٹس کے مطابق ایسے پھل کھانے سے الزائمر امراض سے متاثر ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔ ماہرین کے خیال میں اسٹرابیری کی ورم کش خصوصیات دماغ کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔