موٹاپا دنیا بھر میں وبا کی طرح پھیل رہا ہے جو متعدد دائمی امراض بشمول ذیابیطس، کینسر اور دیگر کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔
اکثر خیال کیا جاتا ہے کہ ضرورت سے زیادہ کھانے سے لوگ موٹاپے کے شکار ہوتے ہیں مگر بیشتر افراد کا جسمانی وزن کم کھانے کے باوجود بڑھتا ہے۔
اب اس کی ایک اہم وجہ دریافت کی گئی ہے اور وہ ہے آپ کا غذائی انتخاب۔
درحقیقت الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے جسمانی وزن میں بہت تیزی سے اضافہ ہوتا ہے جبکہ جسمانی چربی بھی بڑھتی ہے یا توند نکل آتی ہے
میں سامنے آئی۔
کوپن ہیگن یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ گزشتہ 5 دہائیوں کے دوران موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ 2 کی شرح بہت تیزی سے بڑھی ہے جبکہ بانجھ پن کے مسائل بھی بڑھ رہے ہیں۔
تحقیق کے مطابق اس کی وجہ الٹرا پراسیس غذاؤں کی مقبولیت میں اضافہ ہے جو متعدد طبی مسائل کا خطرہ بڑھاتی ہے۔
واضح رہے کہ الٹرا پراسیس غذائیں تیاری کے دوران متعدد بار پراسیس کی جاتی ہیں اور ان میں نمک، چینی اور دیگر مصنوعی اجزا کی مقدار کافی زیادہ ہوتی ہے جبکہ صحت کے لیے مفید غذائی اجزا جیسے فائبر کی مقدار بہت کم ہوتی ہے۔
الٹرا پراسیس غذاؤں میں ڈبل روٹی، فاسٹ فوڈز، مٹھائیاں، ٹافیاں، کیک، نمکین اشیا، بریک فاسٹ سیریلز، چکن اور فش نگٹس، انسٹنٹ نوڈلز، میٹھے مشروبات اور سوڈا وغیرہ شامل ہیں۔
اس تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جو افراد الٹرا پراسیس غذاؤں کو ترجیح دیتے ہیں، ان کا جسمانی وزن دیگر افراد کے مقابلے میں تیزی سے بڑھتا ہے۔
ایسا اس وقت بھی ہوتا ہے جب الٹرا پراسیس غذاؤں یا صحت کے لیے مفید غذاؤں کا استعمال کرنے والے یکساں مقدار میں کیلوریز کو جزو بدن بناتے ہیں۔
اس تحقیق میں 20 سے 35 سال کی عمر کے 43 افراد کو شامل کرکے 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا۔
ایک گروپ کو 3 ہفتوں تک الٹرا پراسیس غذاؤں اور دوسرے کو کم از کم پراسیس غذاؤں کا استعمال کرایا گیا۔
آدھے افراد کو زیادہ کیلوریز والی غذا جبکہ دیگر کو نارمل کیلوریز والی غذاؤں کا استعمال بھی کرایا گیا۔
3 ماہ بعد دریافت ہوا کہ الٹرا پراسیس غذائیں استعمال کرنے والے افراد کی چربی کے حجم میں ایک کلوگرام اضافہ ہوا جبکہ دل کی شریانوں کی صحت پر بھی منفی اثرات دیکھنے میں آئے۔
تحقیق میں یہ بھی دریافت ہوا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کے استعمال سے ہارمون کے افعال متاثر کرنے والے ایک مادے cxMINP کی سطح جسم میں بڑھ گئی۔
مردوں کی تولیدی صحت پر اس مادے سے زیادہ منفی اثرات مرتب ہوئے جس سے عندیہ ملا کہ الٹرا پراسیس غذاؤں کا استعمال بانجھ پن کا خطرہ بھی بڑھاتا ہے۔
محققین کے مطابق ہم یہ دیکھ کر دنگ رہ گئے کہ یہ غذا صحت مند جوان افراد کی صحت پر کس طرح منفی اثرات مرتب کرتی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس غذا کے طویل المعیاد منفی اثرات خطرے کی گھنٹی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نتائج سے ثابت ہوتا ہے کہ الٹرا پراسیس غذاؤں سے ہماری تولیدی اور میٹابولک صحت متاثر ہوتی ہے، چاہے ہم انہیں بہت زیادہ مقدار میں نہ بھی کھائیں۔